یعقوب میمن کو 30جولائی کو پھانسی دے دی جائے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-22

یعقوب میمن کو 30جولائی کو پھانسی دے دی جائے گی

نئی دہلی، ممبئی
یو این آئی
سپریم کورٹ نے آج ممبئی سلسلہ وار بم دھماکوں کے خامی یعقوب میمن کی درخواست(کیوریٹیو پٹیشن) خارج کردی ۔ اس طرح30جولائی کو اسے پھانسی دینے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ یعقوب میمن20سال سے جیل میں ہے۔ امکان ہے کہ ناگپور سنٹرل جیل میں اسے پھانسی دی جائے گی جہاں وہ فی الحال قید ہے ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو جسٹس تیرتھ سنگھ ٹھاکر اور جسٹس انیل آردوے پر مشتمل بنچ نے کہا کہ میمن کی اپیل خارج کی جاتی ہے ۔ یہ پھانسی کے پھندہ سے بچنے کا یعقوب میمن کے لئے آخری موقع تھا ۔ کیوریٹیو پٹیشن کسی بھی خاطی کے لئے آخری قانونی چارہ جوئی ہوتی ہے اور اس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہوتا ہے کہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو۔ مہاراشٹرا کی وزارت داخلہ اور ریاستی حکومت نے پھانسی کی تیاری شروع کردی ہے ۔14جولائی کو قیدی اور اس کے ارکان خاندان کو پروانہ موت کے جاری ہونے کی اطلاع دے دی گئی تھی۔ تحقیقاتی ایجنسی کے بموجب یعقوب میمن کے بھائی ٹائیگر میمن نے اسے12مارچ1993کے 13سلسلہ وار بم دھماکو ں کی منصوبہ بندی اور سازش میں شامل کیا تھا ۔ ممبئی کے اسٹاک ایکسچینج بلڈنگ ، ماہم کازوے کی مچھی مار بستی ، زویری بازار، پلازا سنیما ، سنچری بازار، کتھا بازار ، ہوٹل سی راک ، ایر انڈیا بلڈنگ ، ہوٹل جوہو سینٹور ورلی اور پاسپورٹ آفس میں دھماکوں میں کم از کم257، افراد ہلاک اور تقریبا700زخمی ہوئے تھے ۔ سنٹرل بیورو آف انوسٹیگیشن (سی بی آئی) کے بموجب حملہ کے اصل سر غنہ ٹائیگر میمن اور داؤد ابراہیم ہیں۔ ممبئی بم دھماکے ہندو جنونیوں کے ہاتھوں1992میں بابری مسجد کی شہادت کا انتقام لینے کے لئے کئے گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ داؤد اور ٹائیگر میمن پاکستان میں چھپے ہوئے ہیں۔ ٹائیگر میمن1993سے روپوش ہے جب کہ یعقوب میمن نے1994میں پاکستان سے ہندوستان واپسی کا فیصلہ کیا تھا ۔ اس کا کہنا تھا کہ وہ بے قصور ہے ۔ بعد میں پتہ نہیں اسے کیوں گرفتار کرلیا گیا ۔ یعقوب خود ہندوستان پہنچا تھا لیکن پولیس کا دعوی ہے کہ اسے گرفتار کیا گیا ۔ 53سالہ یعقوب میمن پیشہ سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہے۔ نامزد ٹاڈا عدالت نے2007میں اسے سزائے موت سنائی تھی۔ یعقوب میمن نے سپریم کورٹ میں آج جو درخواست داخل کی تھی وہ اس کی دوسری درخواست نظر ثانی تھی جو خارج ہوگئی۔ تاہم تازہ اطلاع کے بموجب میمن نے مہاراشٹر کے گورنر سی ودیا ساگر راؤ کو جیلر کے ذریعہ رحم کی درخواست دی ۔ ایک سوال کے پوچھے جانے پر ایڈوکیٹ گیدم نے کہا کہ پہلے رحم کی درخواست ان کے بھائی سلیمان میمن نے دی تھی جب کہ یہ دوسری درخواست خود یعقوب نے دی ۔
ممبئی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اسپیشل پبلک پراسیکوٹر اجول نکم نے کہا ہے کہ یعقوب میمن کی درخواست مسترد کرنے کا سپریم کورٹ کا فیصلہ"تاریخی ''' ہے اور اس سے ملک کے عوام اور سرحد پار سخت اشارہ ملے گا کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا۔ اجول نکم نے1993کے سلسلہ وار ممبئی بم دھماکے کیس کی سماعت کے دوران استغاثہ ٹیم کی قیادت کی تھی ۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے کہا کہ اس کیس کے بھگوڑے ملزموں داؤد ابراہیم اور ٹائیگر میمن (یعقوب کا بھائی) کو جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ پاکستان میں چھپے ہوئے ہیں۔ اس فیصلہ سے سبق ملے گا کہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے اور خاطیوں کو اپنے جرم کی قیمت چکانی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کو بھی اس فیصلہ سے بڑی تقویت ملے گی اور وہ بین الاقوامی برادری سے کہہ سکے گی کہ وہ داؤد ابراہیم اور ٹائیگر میمن کے اخراج کے لئے پاکستان پر دباؤ ڈالے۔ نکم نے کہا کہ ان دونوں نے ہی بم دھماکوںکی مبینہ طور پر منصوبہ سازی کی تھی جس میں257افراد ہلاک اور713زخمی ہوئے تھے ۔ اجول نکم نے کہا کہ یعقوب میمن کی مدد سے کم از کم13تا14ملزمین نے ممبئی سے براہ دبئی پاکستان کا سفر کیا تھا تاکہ وہ اسلحہ و گولہ بارود کی تربیت لے سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلی مرتبہ دھماکوں کے لئے آر ڈی ایکس کا استعمال کیا گیا تھا جسے بحری راستہ ایک جہاز کے ذریعہ پاکستان سے بھیجا گیا تھا ۔ نکم نے کہا کہ1995سے14سال تک کیس کی سماعت کے دوران یعقوب میمن نے خود کو دیگر ملزمین سے الگ رکھا۔ اس کا رویہ سخت تھا ۔ عدالت میں سماعت کے دوران وہ اکثر آپے سے باہر ہوجایا کرتا تھا۔

Yakub Memon gets no relief from SC, to be hanged July 30

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں