این ڈی اے حکومت انتخابی وعدوں سے منحرف - دہلی میں کانگریس کی جن آکروش ریلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-22

این ڈی اے حکومت انتخابی وعدوں سے منحرف - دہلی میں کانگریس کی جن آکروش ریلی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج مختلف مسائل پر تنقید جاری رکھتے ہوئے ایک ریالی منظم کی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئے ہیں۔ یہ واقعہ ایک ایسے وقت پیش آیا جب کہ پارلیمنٹ کا مانسون اجلاس جاری تھا ۔ پارٹی کے مہیلا مورچہ کی جانب سے نکالی گئی "جن آکروش" ریالی میں خاطی وزراء کے خلاف کارروائی میں موجودہ حکومت کی نااہلی اور انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کو اجاگر کیا گیا ۔ آل انڈیا مہیلا کانگریس کی صدر شوبھا اوزا نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ مہنگائی میں کمی لانے ، کرپشن کا مقابلہ کرنے اور خواتین و دیگر افراد کے خلاف مظالم کو بالکل برداشت نہ کرنے کے وعدوں سے مکر گئی ہے ۔ اس نے2014کے لوک سبھا انتخابات کے دوران یہ وعدے کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک خواتین پر مظالم کا تعلق ہے ان میں د ن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ دہلی میں ہی وزیر اعظم کی ناک کے نیچے خواتین پر مظالم میں30فیصد اضافہ کی اطلاع دی گئی ہے ۔ جہاں تک مہنگائی کا تعلق ہے ، کسی بھی دال کی قیمت100روپے کلو سے کم نہیں ۔پارٹی نے این ڈی اے حکومت پر دباؤ بنانے کی بھی کوشش کی جو اپنے وزراء کے خلاف کرپشن کے سنگین الزامات کا سامنا کررہی ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج پر الزام ہے کہ انہوں نے آئی پی ایل کے سابق صدر نشین للت مودی کو برطانوی ویزا دلانے میں مدد کی تھی جب کہ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے پر الزام ہے کہ انہوں نے للت مودی کی امیگریشن درخواست کی تائید کی تھی۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی جعلی ڈگری تنازعہ میں گھری ہوئی ہیں جب کہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان پر ویاپم اسکام کے پیش نظر مستعفی ہونے کے لئے دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ اس اسکام سے تعلق رکھنے والے زائد از40فیصد افراد کی پر اسرار حالات میں موت ہوچکی ہے ۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والے دو بی جے پی وزرا پنکجا منڈے اور ونود تاؤڑے پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹنڈر جاری کیے بغیر کروڑ ہا روپے کے کنٹراکٹ جاری کئے ۔ شوبھا اوزا نے کہا کہ جہاں تک کرپشن کا تعلق ہے ، ہم جانتے ہیں کہ ویاپم اسکام، مہاراشٹرا میں چکی اسکام، چھتیس گڑھ میں36ہزا ر کروڑ روپے کا پی ڈی ایس اسکام اور مودی گیٹ اسکام رونما ہوا ہے ۔ اور وزیر اعظم ان تمام مسائل پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اس ریالی میں کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ ، چھتیس گڑھ کے سابق چیف منسٹر اجیت جوگی اور دیگر پارٹی قائدین نے شرکت کی ۔ شوبھا اوزا نے کہا کہ پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی نے مہیلا مورچہ سے کہا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے اندر حکومت پر دباؤ ڈالیں گے جس کے پیش نظر احتجاجی سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جو مظاہرین میں شامل ہوگئے ، پارٹی کے اس مطالبہ کا اعادہ کیا کہ کرپشن اور بے قاعدگیوں کے الزامات کا سامنا کرنے والے قائدین مستعفی ہوجائیں ۔ بی جے پی کی جانب سے متعلقہ وزرا کا دفاع کیے جانے کے بارے میں استفسار پر انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ بی جے پی کے پاس اخلاقیات نام کی کوئی چیز نہیں ۔

Congress Holds 'Jan Aakrosh' Rally Accusing PM Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں