کشمیر میں رمضان نائٹ فوڈ فیسٹیول کا اہتمام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-06

کشمیر میں رمضان نائٹ فوڈ فیسٹیول کا اہتمام

سری نگر
آئی اے این ایس
قومی دارالحکومت کے باشندوں کو غذاؤں سے محظوظ کرانے کے بعد اب پہلی مرتبہ نئی دہلی کے کچھ معروف فوڈ آؤٹ لیٹس کشمیری عوام کو لطف اندوز کرنے یکجا ہوئے ہیں اور انہیں مقدس ماہ رمضان کے دوران اپنی غذائیں پیش کررہے ہیں اور وہ بھی رات دیر گئے ۔ اس شورش زدہ سر زمین پر امن کی بحالی کی یہ ایک اور علامت ہے ۔ افطار سے سحری تک (جب رمضان کے دوران مسلمانوں کو کھانے کی اجازت ہوتی ہے) سری نگر کے لال چوک سٹی کے کشمیر ہاٹ میں ان دنوں دعوت کا ماحول ہے جہاں کریمس، خان چاچا، ٹنڈے کباب اور حیدرآباد سلطان بریانی جیسے غذائی آؤٹ لیٹس نے اسٹالس لگائے ہیں تاکہ کشمیری عوام کو مستند غذائیں پیش کرسکیں ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ غروب آفتاب کے بعد بھی یہاں کئی لوگ آرہے ہیں اور یہ بات وادی کشمیر کے لئے کچھ غیر معمولی سی ہے ، کیوں کہ اس سے قبل تجارت آؤٹ لیٹس افطار سے آدھا گھنٹہ قبل بند ہوجایا کرتے تھے۔ اس فیسٹیول کا انعقاد کرنے والی کمپنی لاؤ ڈبیٹل ، جس نے ایک اور کمپنی دی ونگس کے اشتراک سے اس کا اہتمام کیا ہے، کے ہیڈ شیخ سمیع اللہ نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ ہمیں زبردست رد عمل مل رہا ہے ۔ لوگ یہاں دیر رات بھی آرہے ہیں جو حیرت کی بات ہے ۔ دی ونگس کے ایگزیکٹیو ڈائرکٹرس عقیل حسن نے کہا کہ سری نگر کے دیگر مقامات پر بھی فیسٹیول کا آغاز کیا گیا ہے ۔ عقیل نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ چوں کہ ہمیں اچھار د عمل مل رہا ہے ، اسی لئے ہم نے حضرت بل اور پرانے شہر جیسے دیگر مقامات پر بھی فیسٹیول کا آغاز کیا ہے ۔ فوڈ کارنیول کے ذریعہ جموں و کشمیر کی وزارت سیاحت و ثقافت کا اصل مقصد نائٹ کلچر کر فروغ دینا ہے ۔ وزارت کے ایک کنسلٹنٹ ضمیر قادری نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ لوگ یہاں دیر رات آرہے ہیں، اور اجتماعی نمازیں ادا کررہے ہیں ۔ اس طرح ہم رمضان منار ہے ہیں ۔ شہریوں کا جہاں تک سوال ہے تو وہ غروب آفتاب کے بعد اس فیسٹیول کی گہما گہمی سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں ۔ مقامی فوڈ آؤٹ لیٹ کے مالک جاوید پارسا نے کہا کہ راتوں میں اس کا طرح کا ہجوم ہم نے کبھی نہیں دیکھا ۔ یہ واقعی حیرت انگیز ہے ۔ مثبت رد عمل کو دیکھتے ہوئے اس فیسٹیول میں مقامی غذائی آؤٹ لیٹس بھی شامل ہوگئے ہیں ۔ اس طرح پارسا نے بھی اپنی کاتھی جنکشن کا آؤٹ لیٹ کارنیول میں لگایا ہے اور کہا کہ اور بھی بہت کچھ کیا جاسکتا ہے ۔ پارسا نے کہا یہ تو محض شروعات ہے ۔ ہمیں خوش ہونے اور جشن منانے کی ضرورت ہے ۔ اس طرح کے فیسٹیول کا مستقبل میں بھی نظم کیاجانا چاہئے ۔ غذا اور روشنیوں کے علاوہ اس فیسٹیول کی دیگر خصوصیات میں مذہبی گیت اور خواتین کے لئے مہندی آرٹسٹ شامل ہیں۔ واقعی کم از کم زمین کے اس حصے پر امن نظر آتا ہے ۔

Ramadan Festival In Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں