کشمیر میں آج یوم شہیداں - سخت سیکوریٹی انتظامات - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-13

کشمیر میں آج یوم شہیداں - سخت سیکوریٹی انتظامات

سری نگر
پی ٹی آئی
شہر خاص اور پرانا شہر میں ضلع حکام کی جانب سے کل امتناعی احکام عائد کئے جانے کا امکان ہے جب کہ تمام علیحدگی پسند تنظیموں نے13جولائی1931ء کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ حکام نے علیحدگی پسند قائدین اور ان کے حامیوں کے خلاف پہلے ہی مہم شروع کردی ہے اور کئی لوگوںکو احتیاطی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حریت کانفرنس کے دونوں گروپ ، جے کے ایل ایف، ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی اور نیشنل فرنٹ نے شہیدوں کو مشترکہ طور پر خراج عقیدت پیش کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے طے کیا کہ تاریخی جامع مسجد سے نقش بند صاحب درگاہ سے متصل شہیدوں کے قبرستان تک جلوس نکالا جائے گا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ علیحدگی پسندوں نے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی قبروں پر فاتحہ کے مشترکہ پروگرام کا اعلان کیا ہے۔1931میں کل ہی کے دن22کشمیریوںکو ڈوگرا پولیس نے سنٹرل جیل کے باہر گولیاں مار کر ہلا ک کردیا تھا۔ یوم شہیداں ہر سال سرکاری طور پر منایاجاتارہا ہے اور چیف منسٹر ان کے کابینی رفقاء اور اہم سیاسی جماعتوں کے قائدین شہداء کی قبروں پر پھول چڑھاتے ہیں ۔ وادی کشمیر میں کل سرکاری تعطیل رہے گی ۔ نظم و ضبط کا مسئلہ پیدا ہونے کا سد باب کرنے کے لئے حکام کل شہر خاص اور پرانا شہر میں امتناعی احکام نافذ کردیں گے ۔ دونوں شہروں میں پہلے ہی ہر جمعہ کو یہ پابندیاں لگائی جاتی ہیں ۔ گزشتہ جمعہ کو سیکوریٹی فورسس کو اس وقت لاٹھی چارج اور آنسو گیس شل برسانا پڑا جب شہیدوں کی قبروں کے پاس بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوگئے۔ ماضی میں اس قبرستان کے اطراف کا پورا علاقہ سیکوریٹی فورسس کے گھیرے میں لیتے ہوئے صرف سیاسی قائدین کو قبرستان میں جانے کی اجازت دی جاتی تھی تاہم اس مرتبہ دونوں شہروں میں پابندی لگائی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں اہم علیحدگی پسند قائدین کو گھروں پر نظر بند کردیا گیا ہے ۔

Martyrs Day in J&K Tight security arrangements

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں