حیدرآباد بلدی ملازمین کی ہڑتال دسویں دن میں داخل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-16

حیدرآباد بلدی ملازمین کی ہڑتال دسویں دن میں داخل

حیدرآباد
یو این آئی
دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد اور تلنگانہ بھر کے شہریوں کو کچرے کے انبار و تعفن سے فی الحال کوئی راحت ملنے والی نہیں ہے ، کیونکہ ریاست میں بلدیہ کے صفائی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال دسویں دن میں داخل ہوچکی ہے ۔ وہ تنخواہوں میں اضافہ اور بہتر سہولتوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے گزشتہ شام رجوع بہ کار ہونے کی مہلت دیے جانے کے باوجود بلدی ملازمین کی یونینوں کے نمائندوں نے اپنے 16نکاتی چارٹر مطالبات کی یکسوئی تک ہڑتال جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ بالخصوص بلدیہ عظیم تر حیدرآباد (جی ایچ ایم سی) کی ہڑتال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے چیف منسٹر کے دفتر نے قبل ازیں کہا تھا کہ اگر ہڑتال ختم نہیں کی جاتی ہے تو حکومت احتجاجی ملازمین کی جگہ نئے ملازمین کے تقرر کے بارے میں غور کررہی ہے ۔ تاہم گریٹر حیدرآباد کے کمشنر بلدیہ سومیش کمار نے دعویٰ کیا کہ کارپوریشن حدود میں25ہزار میں سے14ہزار ملازمین رجوع بہ کار ہوچکے ہیں ۔ شہر میں روزانہ4ہزار ٹن کچرا جمع ہوتا ہے ۔ تلنگانہ بھر کے مستقل اور کنٹراکٹ صفائی ملازمین بھی بہتر تنخواہوں ، علاج و معالجہ کے فوائد اور پیشہ وارانہ خطرات سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کتے ہوئے ہڑتال میں شامل ہوچکے ہیں ۔ چونکہ صفائی ، ٹرانسپورٹ اور ملیریا محکموں کے ملازمین ہڑتال پر ہیں ، سڑکوں کی صفائی کچرے کی نکاسی اور منتقلی شدید طور پر متاثر ہوئی ہے ۔

Hyderabad Sanitation workers stir enters tenth day

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں