ہیما مالنی دواخانہ سے ڈسچارج - متاثرہ خاندانوں کی مدد کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-05

ہیما مالنی دواخانہ سے ڈسچارج - متاثرہ خاندانوں کی مدد کا اعلان

جئے پور
یو این آئی
بالی ووڈ اداکارہ اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ ہیما مالنی کو آج دواخانہ سے ڈسچارج کردیا گیا ۔ وہ حادثہ کے بعد جئے پور کے فورٹیس اسپتال میں زیر علاج تھیں۔66سالہ اداکارہ سیاستداں کی سرجری کی گئی تھی۔ جمعرات کی شب راجستھان کے دوسہ ضلع میں ان کی مرسڈیز کار، ایک دوسری کار سے متصادم ہوگئی تھی ۔ اس حادثہ کی وجہ سے ایک بچی کی موت واقع ہوئی اور دیگر چار افراد شدید زخمی ہوگئے جو اس آلٹو کار میں سوار تھے جس سے اداکارہ کی کار ٹکرائی تھی ۔ دواخانہ کے ذرائع نے کہا کہ رکن پارلیمنٹ کو ان کے ارکان خاندان کی گزارش پر ڈسچارج کیا گیا اور وہ صبح تقریبا9:30بجے ممبئی کے لئے روانہ ہوگئیں۔ ہیما مالینی کے ڈرائیور مہیش ٹھاکر کو جسے دوسہ میں کوتوالی تھانہ پر گرفتار کیا گیا ہے ، بعد ازاں ایڈیشنل چیف میٹرو پولٰٹن عدالت کے ذریعہ ضمانت منظور ہوگئی ۔ ورنداون سے تعلق رکھنے والے ڈرائیور کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات بشمول279اور304(A)کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ۔ ٹھاکر کو کل ایڈیشنل چیف جو ڈیشیل مجسٹریڈ پلوی شرما کے روبرو پیش کیا گیا جنہوں نے اس کی ضمانت منظور کی ۔ پی ٹی آئی کے بموجب ہیما مالینی نے ان کی مرسڈیز کار سے حادثہ کا شکار ہونے والے متاثرہ خاندان کو مالی مدد کرنے کااعلان کیا ہے ۔66سالہ اداکارہ سیاستداں چارٹرڈ طیارے کے ذریعہ ممبئی پہنچیں ۔ ان کے ہمراہ بیٹی ایشا دیول اور اس کے شوہر بھرت تختانی بھی تھے ۔ جوہو میں واقع ہیما مالینی کی قیامگاہ کے باہر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایشا نے کہا کہ میری والدہ متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں گی ۔ وہ ایسا نیتا ہونے کے ناطے نہیں بلکہ ایک اچھی انسان ہونے کے ناطے کررہی ہیں ۔ ایشا نے کہا کہ جب حادثہ ہوا ، ممی کی جو حالت تھی وہ کسی اور کے بارے میں کیسے سوچ سکتی تھیں، کوئی بھی نہیں سوچ پا رہا تھا لیکن ہمیں افسوس ہے کہ اس خاندان نے اپنا عزیز کھویا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب حادثہ پیش آیا وہ سورہی تھیں۔ انہوں نے سب کو سیٹ بیلٹ پہننے کو کہا تھا لیکن اچانک پیچھے سے زور دار جھٹکہ لگا ۔ حادثہ انتہائی خطرناک تھا اور اس وقت کوئی بھی بات کرنے یا کچھ سوچنے کے موقف میں نہیں تھا ۔ ایشا نے کہا کہ ہیما کو آرام کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ وہ دو تین دن تک آرام کرنے کے بعد عوام سے ملاقات کریں گی ۔

Hema Malini to provide financial assistance to accident victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں