بیرون ملک اثاثہ جات کو ظاہر کرنے نئے قواعد کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-04

بیرون ملک اثاثہ جات کو ظاہر کرنے نئے قواعد کا اعلان

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے بیرون ملک آمدنی اور اثاثہ جات شمار کرنے کے لئے قواعد و ضوابط کا اعلان کیا ہے ۔ یہ قواعد سخت ترین کالا دھن قانون کے تحت جاری کئے گئے ہیں جو یکم جولائی سے نافذ العمل ہوگیا ہے ۔ بیرون ملک اثاثہ جات کی مالیت کا اندازہ لگانے کے لئے غیر منقولہ جائیداد ، زیوارت، قیمتی پتھر، آثار قدیمہ کی اشیا، اور فہرست میں عدم موجود کمپنیوں میں حصص کو بھی شمار کیاجائے گا۔ سی بی ڈی ٹی نے آج ان قواعد کا اعلان کیا ہے ۔ بیرون ملک بینک کھاتوں میں رقم کی مالیت کا اندازہ کھاتہ کھولے جانے کے بعد سے اب تک اس میں جمع کی گئی رقم سے لگایا جائے گا۔ کالا دھن( خفیہ غیر ملکی آمدنی اور اثاثہ جات) اور ٹیکس کا اطلاق ایکٹ2015کے تحت خاطی پائے جانے والے افرا د پر انکشاف کے لئے دی گئی90دن کی مہلت ختم ہونے کے بعد ان کے اثاثہ جات اور آمدنی کا120فیصد ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ حکومت نے ایسے افراد کی سہولت کے لئے ایک ونڈ و قائم کیا ہے۔اس مدت کے دوران جو30ستمبر کو ختم ہوگی جو بھی امدنی یا اثاثہ جات کا انکشاف کرے گا اسے صرف60فیصد ٹیکس ہی ادا کرنا پڑے گا اور وہ جیل کی سزا سے بچ سکتا ہے ۔ ٹیکسیس ادا کرنے کے لئے ایسے افراد کو 31دسمبر تک مہلت دی جارہی ہے ۔ آج جن قواعد کا اعلان کیا گیا ہے اس میں غیر ملکی اثاثہ جات اور آمدنی کا حساب کتاب کرنے کے طریقے بتائے گئے ہیں تاکہ ان کی بنیاد پر ٹیکس کی شرح طے کی جاسکے اور غیر ملکی اثاثہ جات و آمدنی رکھنے والے افراد اپنی جائیدادوں کا انکشاف کرتے ہوئے30ستمبر سے پہلے ٹیکس کی ادائیگی کے لئے تیاری کرسکے ۔ ان جائیدادوں، اشیا کی مالیت کا اندازہ اس ملک میں موجودہ مارکٹ ویالیو سے لگایاجائے گا۔ یہی اصول حصص پر بھی لاگو ہوگا ۔ زیورات کی مالیت کا اندازہ لگانے کے لئے بھی اسی اصول پر عمل کیاجائے گا ۔ آثار قدیمہ کی اشیا میں پینٹنگس اور مجسموں کے علاوہ آرٹ ورک شامل ہیں۔ یہ قواعد7فارموں پر مشتمل ہیں جن میں ان اشیا کی تفصیلات بھی پیش کرنے کی سہولت دی گئی ہے جن کا ابھی تک انکشاف نہیں کیا گیا ہے ۔ اثاثہ جات رکھنے والے کو بینک کھاتوں کی تفصیلات میں ان شاخوں کے مقامات کی بھی نشاندہی کرنا ہوگی جہاں وہ ا پنے بینک کھاتے رکھتا ہے ۔ مجوزہ نمونے میں درخواست گزار کو کھاتہ کھولنے کی تاریخ اور اس میں آج تک کی تاریخ تک جمع کی گئی رقم کی تفصیلات پیش کرنا ہے ۔ جہاں تک زیورات کا تعلق ہے تفصیلات میں سونے کی خالصیت(کیرٹ) مقدار اور اس کی قدر کے علاوہ اگر ہیرے ہیں تو ان کی خالصیت ، مقدار اور شرح کا بھی اندراج کرنا ہے۔ قواعد میں کہا گیا ہے کہ جائیدادوں اور آمدنی کا حساب کرتے وقت ریزروبینک آف انڈیا کی محولہ شرح کو پیش نظر رکھتے ہوئے اندراجات کریں۔

Government notifies rules for valuation of black money stashed abroad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں