جی ایچ ایم سی کے آوٹ سورسنگ ملازمین کے رویہ پر وزیراعلیٰ تلنگانہ برہم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-14

جی ایچ ایم سی کے آوٹ سورسنگ ملازمین کے رویہ پر وزیراعلیٰ تلنگانہ برہم

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن( جی ایچ ایم سی) کے آوٹ سورسنگ ایمپلائز( صفائی کرمچاری) کے رویہ پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ آوٹ سورسنگ ملازمین بدستور ہڑتال پر رہتے ہوئے سڑکوں کی صفائی اور کچرے کی نکاسی سے گریز کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار ، ڈائرکتر جنرل آف پولیس انوراگ شرما، وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، وزیر کمر یشل ٹیکس ٹی سرینواس یادو اور وزیر اکسائز پدما راؤ کے ساتھ کیمپ آفس میں ایک اجلاس طلب کیا۔ کے سی آر نے ان عہدیداروں اور وزرا کو ہدایت دی کہ آوٹ سورسنگ ملازمین شام تک اگر ڈیوٹی پر رجوع ہونے میں ناکام رہتے ہیں تو کچرے کی نکاسی کے لئے فوج اور پولیس کی خدمات حاصل کریں ۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اجلاس میں واضح کردیا کہ صفائی اور کچرے کی نکاسی پر مامور آؤٹ سورسنگ ملازمین، مستقبل ایمپلائز کے مماثل مراعات کے مستحق نہیں ہیں ۔ وہ صرف آوٹ سورسنگ ایمپلائز ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ افراد ڈیوٹی پر رجوع وبکار نہیں ہوتے ہیں تو ان کی جگہ نئے افراد کی خدمات حاصل کی جائے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ملازمین نے سوچھ حیدرآباد اور سوچھ تلنگانہ پروگرام کے دوران اس کا تیقن دیا تھا کہ وہ شہر کو صاف و ستھرا بنائے رکھیں گے ۔ اب جب کہ رمضان اور بونال تہوار کے عین اہم وقت ہڑتال منظم کرنا غیر اخلاقی طریقہ ہے ۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ جہاں تک آؤٹ سورسنگ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ تنخواہوں میں اضافہ کیاجائے ، اس مسئلہ پر حکومت غور کررہی ہے اور اس مسئلہ پر کام جاری ہے تاہم یونین کے چند قائدین ان ملازمین کو گمراہ کرتے ہوئے حکومت کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ دریں اثناء چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میٹرو واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ کے ملازمین کو جنہوں نے ہڑتال واپس لے لی ہے ، اس بات کا تیقن دیا کہ حکومت سرکاری ملازمین کے مماثل انہیں تنخواہ دینے کے مطالبہ پر غور کرے گی ۔ اس سلسلہ میں احکام بہت جلد جاری کئے جائیں گے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں