کیرالا اسمبلی میں قرآنی آیات کے حوالے سے وزیر پر تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-07-22

کیرالا اسمبلی میں قرآنی آیات کے حوالے سے وزیر پر تنقید

ترواننتام پورم
پی ٹی آئی
سی پی آئی ایم زیر قیادت ایل ڈی ایف اپوزیشن نے آج ریاستی اسمبلی میں قرآن مقدس کی آیات استعمال کرتے ہوئے آئی یو ایم ایل لیڈر ووزیر تعلیم پی کے عبدالرب کو جاریہ تعلیمی سال کے لئے اسکولی کتب کی تقسیم میں تاخیر کے مسئلہ پر گھیرنے کی کوشش کی ۔ سی پی آئی ایم کے آر راجیش نے اس مسئلہ پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم بر وقت کتب کی تقسیم میں ناکام ہوگئے ہیں۔ حالانکہ انہوں نے ایوان کو تیقن دیا تھا کہ20جولائی تک تقسیم کا عمل مکمل ہوجائے گا ۔ انہوں نے قرآن مجید کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مقدس کتاب میں تلقین کی گئی ہے کہ پڑھو اور سیکھو لیکن کیرالا میں اسکولی طلباء کو اس حق سے محروم کردیا گیا ہے ۔ ریاست میں اسکولس کی کشادگی کے دو ماہ بعد بھی طلباء میں کتب کی تقسیم عمل میں نہیں لائی گئی ہے ۔ راجیش نے وزیر موصوف کو یاد دہانی کرائی کہ قرآن نے نہ صرف زکوۃ دینے کی تاکید کی ہے بلکہ وعدوں کو پورا کرنے کی بھی ہدایت دی ہے ۔ اپوزیشن کے حملہ کا سامنا کرتے ہوئے عبدالرب نے کہا کہ اس معاملہ میں ریاستی حکومت نے کوئی کوتاہی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے رکن اسمبلی کو طعنہ دیتے ہوئے کہا انہیں اس بات پر مسرت ہے کہ ایک کمیونسٹ نے قرآن پڑھا ہے ۔

CPM attacks Abdu Rabb using words from Quran, Kerala

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں