سونیا اور راہول کے خلاف ریمارکس - بہار بی جے پی لیڈر کے خلاف شکایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-21

سونیا اور راہول کے خلاف ریمارکس - بہار بی جے پی لیڈر کے خلاف شکایت

پٹنہ، در بھنگہ
پی ٹی آئی
بی جے پی رکن پارلیمنٹ اشونی چوبے کے خلاف صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی کے خلاف ان کے متنازعہ ریمارکس پر دربھنگہ کی عدالت میں آج ایک شکایت درج کی گئی جب کہ رکن پارلیمنٹ کی ہوٹل کے باہر ان کے حلقہ بکسر میں برہم کانگریس کارکنوں نے مظاہرہ کیا اور تحریری طور پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ۔ دربھنگہ ضلع کانگریس لیڈر رام نارائن جھا نے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ جی کے سریواستو کی عدالت میں چوبے کے خلاف شکایت درج کرتے ہوئے اے آئی سی سی صدر اور نائب صدر کے خلاف ناشائستہ ریمارکس کرنے کا الزام عائد کیا ۔ نواڈاضلع کے راجوری علاقہ میں جمعرات کی رات بی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے چوبے نے سونیا کو افسانوی کردار، پوتنا ' اور راہول کو"طوطا" قرار دیا تھا ۔ جھانے اپنی شکایت میں کہا کہ پرنٹ میڈیا اور ٹی وی چیانلوں پر سونیا اور راہول کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیکھتے ہوئے انہیں سخت ٹھیس پہنچی ۔ ان کے وکیل پون چودھری نے عدالت سے استدعا کی کہ چوبے کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ500,153-Bاور504کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے شکایت قبول کرلی ہے اور معاملہ فرسٹ کلاس جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت کو منتقل کردیا جو30جون کو اس معاملہ کی سماعت کرے گی ۔ اسی دوران کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد نے بکسر میں ایک ہوٹل کے باہر جہاں چوبے قیام پذیر ہیں مظاہرہ کیا۔ انہوںنے ہوٹل کے باہر دھرنا دیتے ہوئے چوبے اور بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے ۔ یہ کارکن صبح ہی سے دھرنے پر بیٹھے تھے جنہیں پر امن طور پر لوٹ جانے کی ترغیب دینے کے لئے سب ڈیویژنل آفسیر گوتم کمار اور سب ڈیویژنل پولیس آفیسر سنیل کمار موقوع پر پہنچ گئے تھے تاہم دھرنا کئی گھنٹوں تک جاری رہا ۔ ریاستی یوتھ کانگریس کے صدر اشیش کمار نے پٹنہ میں کہا کہ رکن پارلیمنٹ کی جانب سے تحریری معافی تک احتجاج جاری رہے گا۔

Bihar Congress protests against BJP MP's remarks on Gandhis

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں