کشمیر میں ماہ رمضان کے پیش نظر ہوٹلیں بند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-21

کشمیر میں ماہ رمضان کے پیش نظر ہوٹلیں بند

سری نگر
یو این آئی
وادی کشمیر کے تمام اضلاع بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں رمضان المبارک کے پیش نظر تمام ریسٹورنٹ اور ڈابے بند ہیں۔ وادی کشمیر میں کل مقدس ماہ رمضان کا استقبال مذہبی جوش و جذبے سے کیا گیا جہان لاکھوں کی تعداد میں لوگ مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں تراویح نمازیں ادا کرتے ہیں ۔ وادی کشمیر میں پرانی روایت کے تحت لوگوں کو سحری کے وقت نیند سے جگانے کے لئے سحر خوانون کا سڑکوں پر نکلنا شروع ہوگیا ہے۔ سحر خوان لوگوں کو نیند سے جگانے کے لئے ڈھول بجانے کے علاوہ قرآنی آیات اور نعت شریف اونچی آواز سے پڑھتے ہیں ۔ ان سحر خوانوں کا کہنا ہے کہ وہ رمضان المبارک کی آمد کا انتظا ر سال بھر کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگرچہ عیدالفطر کے موقع پر لوگ ہمیں اس کام کے عوض پیسہ اور ملبوسات و گھریلو استعمال کی چیزیں انعام کے طور پر دیتے ہیں لیکن سحری کے وقت لوگوں کو جگانے سے ہمیں دلی سکون ملتا ہے ۔ سحر خوانوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں تعینات سیکوریٹی فورسز اور ریاستی پولیس اہلکاروں نے کبھی کوئی اعتراض نہیں کیا۔ تاہم سڑکوں پر آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پ ریشانی کا سبب بنتے ہیں۔ دریں اثناء رمضان المبارک کے پیش نظر سری نگر کے سیول لائنز علاقوں میں تمام ریسٹورنٹ اور ڈابے بند ہیں ۔ تاریخی لال چوک کے قریب واقع فوڈ اسٹریٹ جہاں عام دنوں میں مقامی لوگوں اور سیاحوں کا بھاری رش دیکھا جاتا ہے میں تمام دکانیں بند ہیں ۔ اس کے علاوہ مصروف ترین سیول لائنز علاقوں میں تمام ٹی اسٹالس بند ہیں۔ تاہم سیاحتی مقامات بشمول ڈل جھیل میں قائم ریسٹورنٹ اور ڈابے سیاحوں کے لئے کھلے ہیں ۔ دوسری جانب رمضان المبارک کے دوسرے دن لوگوں کو مصروف تجارتی مراکز میں کھجور اور افطار کے لئے دوسری اشیا کی خرید وفروخت میں مصروف دیکھا گیا۔

Kashmir hotels closed in Ramadan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں