حکومت تلنگانہ آر بی آئی سے 1274 کروڑ کی واپسی کی خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-28

حکومت تلنگانہ آر بی آئی سے 1274 کروڑ کی واپسی کی خواہاں

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی کے تارک راما راؤ نے آج مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور ریاست سے متعلق کئی امور بالخصوص ریاست کو مرکزی امداد پر تبادلہ خیال کیا۔ بعد ازاں راؤ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ نے ریاست کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ نئی صنعت پالیسی سے متعلق استفسار کیا اور اس کی ستائش کی ۔ جیٹلی ریاست کی صنعتی پالیسی کے کچھ پہلوؤں کو مرکز کی صنعتی پالیسیمیں شامل کرنے پر مائل نظر آئے۔ راؤ نے خیال ظاہرکیا کہ مشترکہ دارالحکومت میں گورنر کو نظم و ضبط کے اختیارات تفویض کئے جانے سے متعلق اے پی تنظیم جدید ایکٹ کی متنازعہ دفعہ8کا نفاذ نہیں کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے گورنروں کی تبدیلی مرکز کے دائرہ اختیار میں ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب حکومت تلنگانہ نے مرکز سے خواہش کی کہ وہ مداخلت کریں اور ریزروبینک آف انڈیا( آر بی آئی) کو ہدایت دیں کہ وہ1274کروڑ روپے ریاست کے کھاتے میں لوٹا دے کیونکہ یہ رقم غیر قانونی طور پر محکمہ انکم ٹیکس کو منتقل کی گئی ہے ۔ ریاستی حکومت کے وفد نے وزیر پنچایت راج و انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ کی قیادت میں ہفتہ کے دن مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی سے نئی دہلی میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے بعد راؤ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ انہوں نے جیٹلی سے خواہش کی ہے کہ وہ یقینی بنائیں کہ رقم ریاست کے کھاتے میں واپس آجائے ۔ انہوں نے کہا کہ آر بی آئی نے غیر قانونی طور پر بنا کسی نوٹس یہ رقم منتقل کردی ۔ یہ عدالت کے احکام کے خلاف ورزی ہے ۔ محکمہ نے اس وقت کی غیر منقسمہ ریاست آندھرا پردیش میں آندھرا پردیش بیوریجس کارپوریشن کو نوٹس جاری کی تھی اور2900کروڑ کے ٹیکس بقایہ کا مطالبہ کیاتھا۔ تارک راما راؤ نے جو ریاستی وزیر فینانس ای راجندر کی جانب سے وفد کی قیادت کررہے تھے ، کہا کہ حکومت تلنگانہ عدالت سے رجوع ہوئی تھی اور اس نے نوٹس کو اس بنیاد پر چیلنج کیا تھا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان کارپوریشنوں کے اثاثوں کی تقسیم مکمل نہیں ہوئی ہے ۔ وفد میں چیف سکریٹری راجیو شرمابھی شامل تھے جس نے جیٹلی سے کہا کہ ریاستی حکومت ، انکم ٹیکس اسیسی نہیں ہے ۔ ریاستی وزیر نے کہا کہ اگر وصولی کرنی بھی ہو تو دونوں ریاستوں سے کرنی چاہئے ۔ محکمہ انکم ٹیکس نے قبل ازیں جاریہ سال نوٹس جاری کی تھی کہ بقایہ کہ وصولی کے لئے تلنگانہ بیورو یجس کا رپوریشن لمٹیڈ کے ڈپوز کو ضبط کرلیا جائے ۔ حیدرآباد ہائیکورٹ نے اس نوٹس کے خلاف ریاست کی درخواست پر حکم التوا جاری کیاتھا۔

Telangana Wants RBI to Return Rs.1274 Crore

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں