تلگو دیشم ایم ایل اے ریونت ریڈی 50 لاکھ روپے رشوت دیتے ہوئے گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-01

تلگو دیشم ایم ایل اے ریونت ریڈی 50 لاکھ روپے رشوت دیتے ہوئے گرفتار

Telangana-TDP-MLA-Revanth-Reddy-Bribe-Deal
حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
پیر کو منعقدہونے والے قانون ساز کونسل کے انتخابات میں تلگو دیشم امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کے لئے آزاد ایم ایل اے ای اسٹفنس کو 50لاکھ روپے رشوت دیتے ہوئے تلنگانہ اے سی بھی عہدیداروں نے تلگو دیشم کے ایم ایل اے ریونت ریڈی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ یکم جون کو قانون ساز اسمبلی کی6نشستوں کے لئے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں کیونکہ7امیدوار میدان مین ہیں۔ بر سر اقتدار ٹی آر ایس نے5امید واروں کو میدان میں اتارا ہے جب کہ ٹی آر ایس کی عددی طاقت کے مطابق اس کے4ایم ایل سی منتخب ہوسکتے ہیں ۔ تلگو دیشم اور کانگریس کے ووٹوں کے حصول کی توقع رکھتے ہوئے پانچوں امید واروں کو نامزد کیا گیا جس کے باعث انتخابات یقینی ہوگئے ہیں۔ آندھرا پردیش ریاست میں6کونسل نشستوں کے لئے اتنے ہی امید وار ہونے کے باعث متفقہ انتخاب عمل میں آیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ نامزد عیسائی ایم ایل اے ایلویس اسٹیفنس سے تلگو دیشم قائد ریونت ریڈی نے ربط پید اکرتے ہوئے ووٹ کے حصول کے لئے5کروڑ روپیوں کا پیش کیا ۔ تین روز قبل کی گئی اس پیشکش کے بعد اسٹفنس نے ٹی آر ایس کے قائدین کو اس بات کی اطلاع دی اور پھر ان کے مشورہ پر اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت درج کروائی ۔ پروگرام کے مطابق ٹی ڈی پی ایم ایل اے ریونت ریڈی اتوار کی شام 7بجے دیگر2افراد کے ساتھ اسٹفنس کے مکان لالہ گوڑہ پہنچے( ابتداء میں ان کے ایک دوست کا مکان بتایا گیا تھا۔) اسٹفنس کے مکان میں ریونت ریڈی اور ان کے درمیان بات چیت شروع ہوئی جس کی ویڈیو گرافی کی گئی ۔ اس کے علاوہ پہلے ہی بعض ٹی وی چینلوں کو اطلاع دے دی گئی تھی جس کے پیش نظر ان چینلوں نے اسٹنگ آپریشن بھی کیا۔ ریونت ریڈی نے اسٹفنس سے کہا کہ ووٹ کے لئے آپ کو5دئیے جائیں گے ۔ اسٹفنس نے کہا کہ5کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ5کروڑ روپے ۔50لاکھ روپے پیشگی لایا ہوں جو ایک کینوس کے بیاگ میں رکھے ہوئے تھے۔ ریونت ریڈی نے اپنے ساتھ موجود2افراد کے منجملہ ایک شخص سے کہا کہ وہ50لاکھ روپے اسٹفنس کے حوالے کردے۔ اس شخص نے بیاگ کھول کر50لاکھ روپے نکالے اور ٹیبل پر رکھ کر اسٹنفس سے کہا کہ یہ پورے50لاکھ روپے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ4۔50کروڑ روپے کل آپ کے حوالے کردیے جائیں گے ۔ رائے دہی کے باعث میں ککل اسمبلی میں رہوں گا۔ میرا آدمی اس رقم کو آپ کے بتائے ہوئے مقام پر لاکر حوالے کردے گا ۔ مکان پر دینا مناسب نہیں ہے ۔ اسٹفنس نے کہا کہ میری جان کو خطرہ ہے ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ میں سب کچھ دیکھ لوں گا ۔
ریونت ریڈی نے کہا کہ میرے باس ( چندرا بابو نائیڈو) امیدوار کی کامیابی کے لئے بڑے متفکر ہیں ۔ اسی وقت وہاں پر پہلے ہی سے موجو د ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اے سی بی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اے سی بی مسٹر اشوک کمار اور دیگرعہدیدار فوری کمرہ میں داخل ہوئے اور اپنا آپریشن شروع کردیا ۔ نوٹوں کی گنتی کی گئی اور ریونت ریڈی سے کہا کہ ہم آپ کو تحقیقات کے لئے اپنی حراست میں لیتے ہیں ۔ انہیں بنجارہ ہلز پر واقع اینٹی کرپشن بیورو کے دفتر منتقل کیا گیا۔ ایک مقدمہ درج کرنے کے بعد اے سی بی عدالت کے جج کے مکان پر پیش کیا گیا ۔ پھر ان کا گاندھی ہاسپٹل میں طبی معائنہ کیا گیا اور لالہ گوڑہ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ مجسٹریٹ کے مکان پر لیجاتے وقت ریونت ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اس بات سے واقف نہیں ہوں او رمجھے ایسا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔ میں انتخابات میں حصہ نہیں لے رہا ہوں ۔ حکومت چاہے100مقدمات درج کرے، میں خوفزدہ ہونے والا نہیں ہوں ۔ میں چیف منسٹر کے سی آر سے مقابلہ کی طاقت رکھتا ہوں ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے پھر کیوں50لاکھ روپے رشوت پیش کی؟ ریونت ریڈی نے جواب دیا کہ وہ کچھ بھی کہہ سکتے ہیں ۔ ریونت ریڈی نے اپنے سیل فون پر تلگو دیشم کے مختلف قائدین سے بات چیت کی ۔ اے سی بی عہدیداروں نے انسداد رشوت قانون کے تحت ریونت ریڈی کے علاوہ دیگر 2افراد جو ان کے ساتھ آئے تھے انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا ۔ تلگو دیشم کے ایم ایل سی امیدوار وی نریندر ریڈی کے خلاف بھی کارروائی کا امکان ہے ۔ پولیس کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا کہ3روز قبل ہی اسٹفنس سے ربط قائم کیا گیا تھا اور انہوں نے پولیس کے مشورہ پر شعبہ اے سی بی کو اس کی اطلاع دی ۔ تحریری شکایت پر اے سی بی عہدیداروں نے پشپا نیلائم وجئے پوری کالونی، لالہ گوڑہ کے ایک اپارٹمنٹ میں پورا جال بچھا دیا ۔ بتایاجاتا ہے کہ پولیس نے پوری کارروائی کو آڈیو اور ویڈیو ریکارڈ کیا ۔ اس کی اطلاع ملنے پر ریونت ریڈی کی گرفتاری کے خلاف ساری ریاست میں تلگو دیشم کارکنوں نے احتجاج منظم کیا اور چیف منسٹر کے علامتی پتلہ کو نذر آتش کیا گیا۔ ماضی میں نامزد ایم ایل اے کو ووٹدینے کا حق نہیں تھا لیکن عدالت نے اس حق کو بحال کردیا۔

TDP MLA Revanth Reddy arrested for offering Rs 50 lakh bribe to legislator

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں