سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لئے ہندوستان کی مساعی - سویڈن کی حمایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-03

سلامتی کونسل کی مستقل رکنیت کے لئے ہندوستان کی مساعی - سویڈن کی حمایت

اسٹاکہوم
پی ٹی آئی
سوئیڈن نے اصلاح شدہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے لئے ہندوستان کی مساعی کی تائید کی ہے اور کہا ہے کہ ملک کے حجم اور شرح نمو کے پیش نظر وہ اس کا فطری دعویدار ہے ۔ سوئیڈن نے میزائل ٹکنالوجی کنٹرول روم(ایم ٹی سی آر) میں ہندوستان کے داخلہ کی بھی حمایت کی ہے ۔ یہ34ممالک کی غیر سرکاری اسوسی ایشن ہے جو نیو کلیر اسلحہ کے عدم پھیلاؤ اور اجتماعی تباہی کے ہتھیار لے جانے والے بے پائلٹ فراہمی نظام کے پھیلاؤ کی مخالف ہے ۔ ہندوستان کو سوئیڈن کی حمایت سے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کو واقف کرایا گیا جو یہاں سرکاری دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔ سوہ سوئیڈن کے وزیر اعظم اسٹیفن لافوین کی درخواست پر یہ دورہ کررہے ہیں جنہوں نے انہیں اور ان کے کابینی رفقاء کو مدعو کیا تھا ۔ یہ کسی ہندوستانی سر براہ مملکت کا پہلا دورہ سوئیڈن ہے۔ کل ملاقات کے دوران سوئیڈن کے وزیر اعظم نے اس رائے کا اظہار کیا تھا سوئیڈن کا ماننا ہے کہ اصلاح شدہ سلامتی کونسل میں ہندوستان کو مستقل نشست دی جانی چاہئے اور وہ اس کا مستحق ہے ۔ وزارت خارجہ کے سکریٹری نوتیج سرنا نے سوئیڈن کے وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا کہ ہندوستان کے حکم اور اس کی شرح نمو کے پیش نظر وہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا حصہ بننے کا فطری دعویدار ہے ۔ لافوین نے صدر جمہوریہ کو یہ بھی بتایا کہ ہندوستان اور سوئیڈن نے کل کئی معاہدوں پر بھی دستخط کئے تاکہ باہمی تعلقات کو فروغ دیاجاسکے ۔ دونوں ملکوں نے باہمی حکمت عملی مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ اور الوالعزم میک ان انڈیا مہم کے تحت ہندوستان کے دفاعی شعبہ میں اس ملک کی سرمایہ کاری کے طریقے تلاش کرنے سے بھی اتفاق کیا ۔ اس سوال پر کہ 2011میں دونوں ملکوں کے مذاکرات کیوں تعطل کا شکار ہوگئے تھے ، نوتیج سرنا نے یہ واضح کیا کہ بات چیت ٹوٹی نہیں تھی بلکہ دونوں ممالک میں انتخابات منعقد ہورہے تھے ۔ اب نئے سلامتی مشیروں کا تقرر ہوچکا ہے لہذا وہ دوبارہ بات چیت کے عمل کا احیا کریں گے ۔ توقع ہے کہ بات چیت کا جلد آغاز ہوگا۔ صدر جمہوریہ اور سوئیڈن کے وزیر اعظم نے دونوں ملکوں کے مابین معاہدوں پر دستخط کا مشاہدہ کیا جن میں سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا سے استثنیٰ کا معاہدہ بھی شامل تھا ۔ ہندوستان اور سوئیڈن کی کم از کم15مختلف یونیورسٹیز کے مابین معاہدے کیے گئے ۔ سوئیڈن کی وزارت خارجہ کے دورہ کے موقع پر ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔

Sweden Supports India's Bid for a Permanent Seat at the UN Security Council

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں