سنٹرل وقف کونسل کے تمام دفاتراب ایک عمارت میں - نجمہ ہپت اللہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-03

سنٹرل وقف کونسل کے تمام دفاتراب ایک عمارت میں - نجمہ ہپت اللہ

جنوبی دہلی کے پشپ وہار علاقے میں آج سنٹرل وقف بھون کا افتتاح کیا گیا۔ مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ نے اس 4منزلہ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ اس کی تعمیر کے بعد سنٹرل وقف کونسل کے تمام دفاتر اب ایک ہی بلڈنگ کے اندر منتقل ہوجائیں گے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ دستاویزات میں پورے ملک میں وقف کی6لاکھ ایکڑ زمین ہے۔ اب حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ ان میں سے کتنی جائیداد ایسی ہیں جن کو ڈیولپ کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس زمانہ میں شہروں کی آبادی کم تھی ، اس وقت وقف کی زمینیں شہر کے باہر تھیں لیکن شہر کا دائرہ بڑھنے کے بعد وقف کی یہ املاک شہر کے اندر اور کمرشیل جگہ پر آگئیں ۔ان میں سے کئی اہم جائیدادوں پر لوگوں کا ناجائز قبضہ ہے جسے واپس لینے کے لئے حکومت قانونی چارہ جوئی کررہی ہے اور انہیں واپس لینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔ نجمہ ہبت اللہ نے کہا کہ وزیر اعظم نے اوقاف کے ٹرسٹی اور متولی کو آدھار کارڈ سے جوڑنے کا مشورہ دیا تھا تاکہ ان تک رسائی ہوسکے ۔ اس پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔ اور جلد ہی ڈیجیٹل کمپیوٹر کے ذریعہ وقف املاک کے متولیوں تک رسائی آسان ہوجائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد مودی حکومت نے اقلیتوں سے متعلق6وعدے کئے تھے ، جن پر عمل در آمد کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے اور ان کی وزارت اقلیتی اسکیموں کو زمینی سطح پر پہنچانے کا کام تیزی سے کررہی ہے تاکہ وزیر اعظم مودی کے خواب سب کا ساتھ سب کا وکاس ، کو پورا کیاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ وقف کونسل نے ایک برس میں جتنے کام کئے ہیں وہ اس بات کا ثبوت ہیں کہ صحیح سمت میں کام ہورہا ہے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بد عنوانی سے پاک مودی حکومت میں ترقی کا راز چھپا ہوا ہے۔ اس راہ پر چل کر کونسل عوامی بہبود کے لئے بخوبی کام کررہی ہے۔ وزارت اقلیتی امور کے سکریٹری اروند مایا رام جوائنٹ سکریٹری راکیش موہن، وقف کونسل کے سکریٹری علی احمد خان ، قومی اقلیتی کمیشن کے چیرمین نسیم احمد اور بڑی تعداد میں دیگر افراداس پروگرام میں شامل تھے۔ قبل ازیں وقف کونسل کے سکریٹری علی احمد خان نے بتایا کہ وزارت شہری ترقیات نے سنٹرل وقف بھون کے لئے زمین الاٹ کی اور کئی برسوں کی کوششوں کے بعد اس کی تعمیر ہوئی ۔ انہو ں نے بتایا کہ سنٹرل وقف بھون کے لئے الاٹ شدہ پلاٹ کا کل رقبہ1008مربع میٹر ہے ۔ اس عمارت میں پانی، بجلی، فائر سروس، اوپن پارکنگ سمیت دیگر تمام ضروری سہولیات دستیاب ہیں۔ خیال رہے کہ سنٹرل وقف کونسل کا دفتراس سے پہلے انڈیا گیٹ علاقہ میں جام نگر ہاؤس میں تھا جب کہ وقف کونسل سے متعلق کئی اور دیگر دفاتر دہلی کے مختلف علاقوں میں ہی ہیں جنہیں اب اسی عمارت میں منتقل کئے جانے کا منصوبہ ہے ۔

Central Wakf Council offices in one building

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں