ملک میں خشک سالی کا اندیشہ - صرف 88 فیصد بارش کی پیش قیاسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-03

ملک میں خشک سالی کا اندیشہ - صرف 88 فیصد بارش کی پیش قیاسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
اس سال ملک میں مانسون میں کمی کا امکان ہے ، محکمہ موسمیات نے اپنی پیش قیاسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ جس سے یہ اندیشے پید اہوگئے ہیں کہ ملک کو اس سال خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ محکمہ نے طویل مدتی اوسط(ایل پی اے) کی شرح فیصد93کی پیش قیاسی کی تھی جسے اب کم کرکے88فیصد بتایا ہے ۔ ملک کا شمال مغربی علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے ۔ مرکزی وزیر برائے علم الارض ہرش وردھن نے آج یہاں اخباری نمائندوں کو یہ بات بتائی۔ وردھن نے جو سائنس و ٹکنالوجی کا قلمدان بھی سنبھالے ہوئے ہیں کہا: یہ بات میں دل پر جبر کر کے کہتا ہوتاہوں کہ نظر ثانی شدہ پیش قیاسی کے مطابق ہندوستان میں بارش کا طویل مدتی اوسط88 فیصد رہے گا ۔ اپریل میں محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ مانسون کی بارش اوسطاً93فیصد رہے گی جو اوسط سے کم زمرہ میں آتی ہے ، لیکن اب نظر ثانی شدہ پیش قیاسی کے مطابق بارش کا اوسط88فیصد رہے گا ۔ یہ شرح کمی کے زمرہ میں آتی ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کام کررہے ہیں پیش قیاسی درست ہو، لیکن اس مرتبہ خدا سے دعا ہے کہ نظر ثانی شدہ پیش قیاسی سچ نہ ہو ۔ سابقہ پیش قیاسی کی تاریخ گزر نے کے بعد اب کہا گیا ہے کہ جنوب مغربی مانسون 5جون کو کیرالا کے ساحل سے ٹکرانے کی توقع ہے ۔ اگرچہ کیرالا میں مانسون کی آمد کی تاریخ عام طور پر یکم جون ہوتی ہے محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی تھی کہ مانسون اس سال 30جولائی کو جنوبی ریاست سے ٹکرائے گا ۔ مرکزی وزیر ارضیات ہرش وردھن نے کہا کہ مانسون کے5جون کو کیرالا کے ساحل سے ٹکرانے کی توقع ہے اور اس کے لئے حالات سازگارہورہے ہین ۔ گزشتہ سال بھی مانسون میں تاخیر ہوئی تھی اور وہ6جون کو کیرالا کے ساحل سے ٹکرایا تھا۔ لکھنو سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس سال بے وقت بارش کی وجہ سے دالوں کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہوگا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ غیر موسمی بارش سے ربیع کی فصل کا2۔28ملین ٹن حصہ متاثر ہوا ہے اور طلب و سپلائی کے فرق میں اضافہ ہوا ہے ۔ وزیر زراعت رادھا موہن سنگھ نے کہا کہ حکومت خراب مانسون سے نمٹنے کے لئے580اضلاع میں ہنگامی منصوبے تیار کررہی ہے ۔ وزییر نے کہا کہ حکومت کے پاس کسی بھی قلت سے نمٹنے کے لئے گیہوں اور چاول کے کافی فاضل اسٹاک موجود ہیں ۔

Drought fears grow as IMD forecasts 'deficient' Monsoon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں