اسمارٹ سٹی پراجکٹ صرف امیروں کے لئے نہیں - وینکیا نائیڈو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-27

اسمارٹ سٹی پراجکٹ صرف امیروں کے لئے نہیں - وینکیا نائیڈو

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس کی ان تنقیدوں کو مسترد کرتے ہوئے کہ اسمارٹ سٹی پراجکٹ صرف اعلیٰ طبقہ کے لئے ہے، مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت کے اس اولوالعزم منصوبہ کا مقصد ایسے غریبوں کو فائدہ پہنچانا ہے جو بڑھتے شہروں کے حاشیوں پر رہنے پر مجبور ہیں ۔ ہاؤزنگ فار آل سیشن میں اپنے دعوے کو پیش کرتے ہوئے نائیڈونے سامعین سے کہا کہ وہ واضح طور پر یہ بتائیں کہ آیا ان کی نظر میں اسمارٹ سٹی پراجکٹ امیروں کے موافق ہے ۔ انہوں نے وزرا، میئر اور میونسپل چیر پرسنس کی دو روزہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ واقعی یہ محسوس کرتے ہیں کہ مجوزہ اسمارٹ سٹی پراجکٹ صرف اعلیٰ طبقہ اور امیروں کے لئے ہے اور اس سے غریبوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا؟ اگر آپ میں سے کوئی ایسا محسوس کرتا ہے تو اپنا ہاتھ اٹھائیں اور اپنے دل کی بات بتائیں۔ کانگریس لیڈر اجئے ماکن نے کل کہا تھا کہ نئے اسمارٹ شہروں کی تعمیر سے مسئلہ حل نہیں ہوگا ۔ اسی تبصرہ کے جواب میں نائیڈو نے یہ تنقید کی ۔ اجئے ماکن نے کہا تھا کہ ہمیں اپنے تمام شہروں کو اسمارٹ بنانے کی ضرورت ہے ۔ یہ نظریہ صرف اعلیٰ طبقہ کے لئے ہے اور صرف چند افراد کو اس سے فائدہ پہنچے گا ۔ تاہم وزیر شہری ترقی نے آج جو سوال کیا اس کا جواب دینے کسی نے بھی ہاتھ نہیں اٹھایا ۔ اس کے بجائے انہوں نے کہا کہ مزید اسمارٹ شہر چاہتے ہیں۔ نائیڈو نے کل یہاں وگیان بھون میں منعقدہ اجلاس میں چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو کے بارے میں ایک اخباری اطلاع پڑھ کر سنائی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ وزارت شہری ترقی کی جانب سے ان کی ریاست کو الاٹ کئے گئے13اسمارٹ شہروں کے باوجود مزید اسمارٹ شہر چاہتے ہیں ۔ نائیڈو نے سوال کیا کہ اگر اسمارٹ شہروں سے صرف امیروں کو فائدہ ہوتا تو کیا اتر پردیش میں اتنے امیر لوگ موجود ہیں ۔ آخر چیف منسٹر کیوں زیادہ اسمارٹ شہروں کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کو اسمارٹ بنانے کا مطلب سڑکوں اور سرکاری ٹرانسپورٹ کو ترقی دینا اور موثر بنانا، برقی اور پانی کے معیار کو بہتر بنانا، شہری حکمرانی کو بہتر بناتے ہوئے اسمیں شہریوں کی شراکت داری کو یقینی بنانا شامل ہے ۔ اس کے علاوہ شفافیت پیدا کرنا ، جوابدہ بنانا اور معاشی سر گرمیوں میں اضافہ کرتے ہوئے روزگار کے زیادہ مواقع پید اکرنا شامل ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ملک بھر میں ایک سو اسمارٹ شہروں کی تعمیر کے لئے رہنمایانہ خطوط کا اعلان کیا تھا ۔ ان کی حکومت نے اس پراجکٹ کے لئے اڑتالیس ہزار کروڑ روپے مختص کئے ہیں ۔ نائیڈو نے کہا کہ ان تمام اقدامات سے غریبوں کو فائدہ پہنچے گا جو فی الحال بڑھتی شہری آبادی کے سبب حاشیہ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امبانی جیسے دولت مند افراد کو اسمارٹ شہروں کی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ پہلے سے اسمارٹ زندگی گزار رہے ہیں ۔ موجودہ شہر ی صورتحال سے امیروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور ہم اسے غریبوں کے حق میں تبدیل کرنے پر مجبور ہیں ۔

Smart City Project Not 'Elitist', Says Union Minister Venkaiah Naidu

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں