حوثیوں سے لڑنے سعودی عرب نے رقمی پیشکش کی تھی - سابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-01

حوثیوں سے لڑنے سعودی عرب نے رقمی پیشکش کی تھی - سابق یمنی صدر علی عبداللہ صالح

صنعا
اے ایف پی
یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح نے دعوٰی کیا ہے کہ سعودی عرب نے انہیں شیعہ حوثی باغیوں کے خلاف لڑنے کے لئے کئی ملین ڈالر کی پیشکش کی تھی جسے انہوں نے ٹھکرا دیا ہے ساتھ ہی انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ سعودی عرب جنگ زدہ یمن میں فتنے کے بیج بورہا ہے ۔ انٹر ویو میں سابق معزول صدر علی عبداللہ صالح نے سوئٹزر لینڈ میں یمنی فریقوں کے درمیان آپس میں بات چیت کے ساتھ ساتھ یمن اور سعودی عرب کے مابین بات چیت کی بھی حمایت کی۔ علی عبداللہ صالح نے جو خود بھی حوثیوں کی ایران نواز شیعہ شاخ زیدی سے تعلق رکھتے ہیں، کہا کہ جلد یا بدیر ہم سعودی عرب کے ساتھ مذاکرات کریں گے ۔ صالح کے بقول سوئٹزر لینڈ میں ہونے والی بات چیت میں اقتدار کی منتقلی، ایک نئی اتھاریٹی کے انتخاب اور انتخابات کی جانب واپسی پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے اور سعودی جارحیت کی مذمت کی جانی چاہئے ۔ صالح نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ ان کی کوئی براہ راست روابط نہیں ہیں لیکن انہوں نے یہ اصرار بھی کیا کہ ایران یمن کے لئے خطرہ نہیں ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے بھی گزشتہ منگل کو یمنی تنازعہ کے خاتمہ کے سلسلہ میں عمان میں مذاکرات کئے تھے ۔ صالح نے کہا ہے کہ سلطنت عمان میں امریکہ اور ایران کے مابین بھی بات چیت چل رہی ہے ، جس میں ریاض اور تہران کے درمیان ثالثی پر بات کی جارہی ہے ۔ عمان6رکنی خلیجی تعاون کونسل کا واحد رکن ملک ہے، جو اپنے ہمسایہ ملک یمن کے خلاف فضائی حملے کرنے والے عرب اتحاد کا حصہ نہیں بنا ہے ۔

Yemen's Saleh says Saudi offered him 'millions' to fight Huthis

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں