کشمیر میں سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-28

کشمیر میں سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا

سری نگر
یو این آئی
دریائے جہلم اور اس کی معاون ندی نالون میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے نیچے چلی گئی ہے جس سے وادی کشمیر بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے ۔ گزشتہ48گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے اور ہفتہ کی صبح چمکیلی دھوپ نکل آنے سے صورتحال میں مزید بہتری آئی ہے جس کے ساتھ وادی بھر میں ہر طرح کی سر گرمیاں بحال ہوئی ہیں ۔ محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ وادی میں اگلے ایک ہفتے تک مجموعی طور پر موسم خشک رہے گا۔ کشمیر انتظامیہ نے جنوبی کشمیر میں سیلابی ریلوں سے نقصان شدہ سڑک رابطوںکو بحال کرنے کا کام پہلے ہی شروع کردیا ہے ۔ جنوبی کشمیر میں ندی نالوں میں طغیانی آنے سے کئی پل اور سڑکوں کے حصے بہہ چکے ہیں ۔ محکمہ آبپاشی و سیلاب کنٹرول کے ایک ترجمان نے بتایا کہ دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوگئی ہے ۔ تاہم جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے24جون کو لوگوں کی مدد کے لئے پالیس کنٹرول روم سری نگر میں قائم کی گئی ایک خصوصی ہیلپ لائن کام کرتی رہے گی ۔ قابل ذکر ہے کہ23اور24جون کو شدید بارشوں کے بعد محکمہ آبپاشی و سیلاب کنٹرول نے وادی میں سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام ملازموں کو ہدایت کی تھی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اسٹیشنوں پر حاضر رہیں ۔ دریائے جہلم اور اس کی معاون ندی نالوں کے کناروں پر یا ان کے نزدیک رہائش پزیر لوگوں کو چوکنا رہنے کے لئے کہا گیا تھا ۔ تاہم نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے لئے کہا گیا تھا۔ اگرچہ سیلاب کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے ، تاہم اس کے باوجود محکمہ آبپاشی اور سیلاب کنٹرول کے افسران دریائے جہلم کے مختلف مقامات پر پانی کی سطح پر نظر رکھے ہوئے ہیں ۔

No risk of flood in Kashmir now

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں