مالیگاؤں دھماکہ کیس کمزور کیا جائے - این آئی اے کو ہدایت - خصوصی وکیل استغاثہ کا انکشاف - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-26

مالیگاؤں دھماکہ کیس کمزور کیا جائے - این آئی اے کو ہدایت - خصوصی وکیل استغاثہ کا انکشاف

ممبئی
پی ٹی آئی
مالیگاؤں میں2007کے بم دھماکہ کیس کی خصوصی وکیل استغاثہ نے ایک تنازعہ پید اکرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ این ڈی اے حکومت کے اقتدار پر آنے کے بعد قومی تحقیقاتی ایجنسی این آئی اے نے ان سے کہا کہ اس کیس میں موقف نرم کیاجائے ۔ لیکن ایجنسی نے اس الزام کو غیر درست قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے ۔ اس کیس میں بعض ہندو انتہا پسند ملزم ہیں ۔ مقدمہ کی خصوصی وکیل استغاثہ روہنی سالیان نے کہا کہ این آئی اے کے ایک آفیسر اوپر سے ہدایات کے ساتھ شخصی طور پر ان سے رجوع ہوئے ۔ روہنی سالیان نے صحافیوں کو بتایا کہ این آئی اے کے ایک آفیسر نے مجھے فون کیا اور کہا کہ وہ مجھ سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں اس کے بعد گزشتہ سال انہوں نے مجھ سے ملاقات کی اور مجھ سے کہا کہ اس کیس میں ملزمین کے تعلق سے موقف نرم کیا جائے ۔اس کے بعد اس سال 12جون کو بھی اسی آفیسر نے مجھ سے ملاقات کی اور مجھے زبانی طور پر بتایا کہ اس کیس میں میری جگہ کسی اور کووکیل کو دی جائے گی ۔ میں نے ان سے کہا کہ میرا حساب کردیاجائے ۔ اس کے بعد اس کیس میں وکیل استغاثہ کی حیثیت سے مجھے علیحدہ کرنے کی بات کہی گئی تاہم آج تک بھی میری جگہ کسی دوسرے وکیل کو مقرر کرنے کے لئے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی میرا حساب کیا گیا ۔ روہنی سالیان نے تاہم اس آفیسر کا نام بتانے سے انکار کردیا جس نے ان سے ملاقات کی تھی ۔ اس دوران ایجنسی نے وکیل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا بالکل غیر درست ہے کہ اس نے استغاثہ کے کام میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کی اور نہ ہی کسی آفیسر نے انہیں نامناسب بریفنگ دی ۔ ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ این آئی اے کسی آفیسر کی جانب سے خصوصی وکیل استغاثہ کو نامناسب بریفنگ دینے کی بالکلیہ تردید کرتا ہے ۔ ان کے اس ادعا پر کہ انہیں اب تک ذمہ داری سے سبکدوش نہیں کیا گیا، این آئی اے نے کہا کہ اس کیس سے انہیں علیحدہ کرنے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔2008کے مالیگاؤں دھماکوں کے کیس میں سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور کرنل سریکانت پروہت کے بشمول12افراد گرفتار کئے گئے ۔ ان میں سے چار افراد ضمانت پر رہا ہیں ۔ این آئی اے نے2011میں اس کیس کی ذمہ داری سنبھالی تھی اور بعد میں مزید تین ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا ۔29ستمبر 2008کو مالیگاؤں میں اس دھماکہ میں چار افراد ہلاک اور79زخمی ہوئے تھے ۔ تحقیقات میں پہلے اس واقعہ میں اقلیتی فرقہ کے ارکان کے رول کا شبہ تھا تاہم اس وقت کے اے ٹی ایس چیف ہیمنت کرکرے کی نگرانی میں تحقیقات دائیں بازو کے انتہا پسندوں کارول سامنے آیا اور سادھوی ٹھاکر اور دوسروں کو گرفتار کیا گیا۔

NIA told me to 'go soft' on accused in 2008 Malegaon blast

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں