بی جے پی کی 4 خاتون قائدین سے استعفیٰ کا مطالبہ - کانگریس عاپ احتجاج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-26

بی جے پی کی 4 خاتون قائدین سے استعفیٰ کا مطالبہ - کانگریس عاپ احتجاج

نئی دہلی
پی ٹی آئی ، یو این آئی
بی جے پی کی مرکزی حکومت کو اپنے چار خاتون وزرا کی تنازعات میں گھر جانے کی وجہ سے مختلف گوشوں سے تنقیدوں کو سامنا ہے جب کہ اپوزیشن کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے ان چاروں وزرا کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو کوئی کارروائی نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیر خارجہ سشما سوراج اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے کو للت مودی معاملہ میں تنقیدوں کا سامنا ہے وہیں فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کو جعلی ڈگری معاملہ میں عدالتی کارروائی کا سامنا ہے ۔ مہاراشٹر کی وزیر پنکجا منڈے کے خلاف بھی کانگریس نے محکمہ بہبود خواتین و اطفال میں بغیر ٹنڈر طلب کئے200کروڑ روپے کی خریداری کی اجازت کی اجازت دینے پر استعفیٰ پیش کرنے کا مطالبہ کیاجارہا ہے ۔ دہلی کانگریس نے مرکزی وزرا سشما سوراج، سمرتی ایرانی اور چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے جنتر منتر پر احتجاج منظم کیا۔ صدراجے ماکن کی قیادت میں احتجاج کرتے ہوئے کانگریس نے للت مودی معاملہ میں سشما سوراج اور وسندھرا راجے سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرنے کے علاوہ جعلی ڈگری تنازعہ میں سمرتی ایرانی سے عہدہ چھوڑ نے کا مطالبہ کیا ۔ احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے ماکن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو فوری ان قائدین سے استعفیٰ طلب کرلینا چاہئے ۔ اگر وزیر اعظم ایسا کرنے میں ناکام ہوتے ہیں تو کانگریس احتجاج میں شدت پیدا کرے گی اور انہیں استعفیٰ دینے پر مجبور کرے گی ۔ پارٹی ترجمان شرمسٹھا مکرجی نے کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ تعلیم کی وزیر کی تعلیمی اہلیت پر ہی سوال اٹھائے جارہے ہیں ۔ بڑی تعداد میں کانگریس کارکنوں نے اس احتجاج میں حصہ لیا اور نعرے لگائے ۔ دہلی کی عدالت کی جانب سے سمرتی ایرانی کی تعلیمی قابلیت کے خلاف درخواست سماعت کے لئے قبول کئے جانے کے بعد کانگریس نے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کردی ہے۔ پارٹی نے وزیر اعظم کو بھی اس سلسلہ میں کوئی کارروائی نہ کرنے کے لئے تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اجئے ماکن نے اس موقع پر کہا کہ اگر عام آدمی پارٹی کے پاس فرضی ڈگری معاملہ کا ایک وزیر ہے تو بی جے پی کے پاس 4داغدار وزرا ہیں اور پھر بھی یہ پارٹی شفافیت کی بات کررہی ہے ۔

Congress, AAP Step up Demand for Resignation of 4 BJP Women Ministers

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں