میگی نوڈلس تنازعہ - امیتابھ مادھوری اور پریتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-03

میگی نوڈلس تنازعہ - امیتابھ مادھوری اور پریتی کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم

مظفر پور
پی ٹی آئی، یو این آئی
بہار میں مظفر پور ضلع کی ایک عدالت نے نیسلے انڈیا کے پراڈکٹ میگی میں لید سمیت دیگر خطرناک کیمیکل پائے جانے کے معاملہ میں آج میگا اسٹار امیتابھ بچن، مادھوری دکشت ، پریتی زنٹا سمیت نیسلے کے منیجر موہن گپتا اور کمپنی کے مالک پر کیس درج کرنے کا حکم دیا۔ مظفر پور ضلع عدالت نے پیر کو عدالت میں دائر کی گئی درخواست پر ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے آج سماعت کی ۔ عدالت نے سماعت کے بعد ضلع کے قاضی محمد پور تھانہ کو معاملہ درج کر کے آگے کی کاروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس سے قبل پیر کو وکیل سدھیر کمار اوجھا نے امیتابھ بچن، مادھوری دکشت اور پریتی زنتا سمیت5افراد پر کیس دائر کیا تھا ۔ اوجھا نے اتر پردیش کے ضلع بارہ بنکی میں پائے گئے میگی کے نمونہ میں زہریلے کیمیکل ملنے پر یہ کیس درج کرایا تھا۔ یہ حکم ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حکومت ہریانہ نے ریاست بھر سے میگی نوڈلس ضبط کرلینے کا حکم دیا اور جانچ کے لئے نمونوں کو لیباریٹری بھیجا گیا ہے ۔ کیرالا کی حکومت نے سرکاری اوٹ لیٹس پر میگی پر جزوی پابندی عائد کردی ہے جب کہ دارلحکومت سے موصولہ اطلاعات میں بتایا گیا کہ میگی نوڈلس کے نمونوں کو غیر محفوظ پایا گیا ہے ۔ نمونوں کی لیباریٹری رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ یہ کھانے کے لئے موزوں نہیں ہے ۔ اس دوران نیسلے انڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک بیرونی لیباریٹری کے علاوہ گھر میں اس کی جانچ کروائی اور پراڈکٹ کو محفوظ کھانے کے قابل بتایا گیا ہے ۔ بہار کے مظفر پور میں ایڈیشنل چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ رامچندر پرساد نے قاضی محمد پور پولیس اسٹیشن کو ہدایت دی کہ وہ نیسلے کے عہدیداروں اور تین اداکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرے اور شکایت کی تحقیقات کرے ۔ عدالت نے پولیس کو یہ بھی حکم دیا کہ اگر تحقیقات کے دوران ضرورت ہو تو انہیں گرفتار کیاجائے ۔ یہ حکم وکیل سدھیر کمار اوجھا کی جانب سے دائر کردہ ایک کیس کی سماعت کے دوران سنایا گیا ۔ درخواست میں نیسلے کے منیجنگ ڈائرکتر موہن گپتا ، جوائنٹ ڈائرکٹر شباب عالم اور امیتابھ بچن ، مادھوری دکشت اور پریتی زنٹا کے نام لئے گئے ہیں جو وقتا فوقتا میگی کے اشتہارات میں حصہ لے چکے ہیں۔ دریں اثناء امیتابھ بچن نے کہا کہ وہ مزید اس برانڈ کی تشہیر نہیں کریں گے ۔ دکشت نے حال ہی میں اس سلسلہ میں نیسلے کے عہدیداروں سے ملاقات کی تھی اور بتایا تھا کہ کمپنی نے انہیں اپنے پراڈکٹ کی کوالٹی کے بارے میں یقین دلایا ہے ۔ اسی دوران حکومت کیرالا نے بھی ریٹیل دکانوں سے میگی نوڈلس کو ہٹا دینے کے احکام جاری کئے ہیں ۔

Maggi Noodles Controversy: Bihar Court Orders FIR Against Amitabh Bachchan, Madhuri Dixit & Preity Zinta

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں