پارٹی کے احیا کے لئے کانگریس دلتوں کو قریب کرنے کوشاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-03

پارٹی کے احیا کے لئے کانگریس دلتوں کو قریب کرنے کوشاں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس پارٹی گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ہزیمت آمیز شکست اٹھا کر اب دوبارہ پارٹی میں نئی جان ڈالنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے ۔ اس ضمن میں پارٹی نے دلت آئیکن ڈاکٹر بی آر امبیڈ کر کی125ویں سالگرہ کو شاندار انداز میں منانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت وہ دلتوں اور مختلف پچھڑے طبقوں تک پہنچے گی ۔ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج امبیڈ کر کے پیدائشی مقام مہو، مدھیہ پردیش میں ایک ریالی کے دوران کہا کہ دستور ہند کے معمار نہ صرف دلتوں کے قائد تھے بلکہ وہ نا انصافی کے خلاف جہدو جہد کرنے والے ایک سپاہی بھی تھے ۔ اس ریالی کو دلتوں سے قریب ہونے کے ضمن میں کانگریس پارٹی کی جانب سے شروع کردہ مہم کے حصہ کے طور پر دیکھاجارہا ہے ۔ یاد رہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کانگرس پارٹی صرف44نشستوں پر ہی کامیابی حاصل کرسکی ۔ مزید یہ کہ وہ مہاراشٹرا، ہریانہ، جموں و کشمیر اور جھار کھنڈ ریاستی انتخابات میں بھی شکست سے دوچار ہوئی ۔امبیڈ کر تقریبات کے آغا زسے قبل راہول حصول اراضی بل اور کسانوں سے جڑے مختلف مسائل اٹھا چکے ہیں ۔ کانگریس دلتوں اور دیگر پچھڑے طبقات کے قائدین کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوششوں میں لگی ہوئی ہے ۔ حکومت سے ناراض کیرالا سے تعلق رکھنے والے ایک مچھیروں کے فرقہ سے بھی کانریس کی گفتگو جاری ہے ۔ راہول نے آئی آئی ٹی مدراس میں امبیڈکر پیری یار اسٹڈی سر کل کے خلاف کئے گئے فیصلہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک خاص فرقہ سے تعلق رکھنے کے بنا پر لوگوں کے حقوق کی پامالی کی جارہی ہے ۔ ماناجارہا ہے کہ اس طرح کی حکمت عملی سے کانگریس بہار اور اتر پردیش جیسی ریاستوں میں دلت اور اس قسم کے مخصوص فرقوں کو اپنی جانب راغب کرنے میں کامیاب ہوسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ اس سال بہار میں اور2017میں اتر پردیش میں اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ایک مضبوط دلت قائد نہ ہونے کی وجہ سے اس فرقہ کو کئی ایک مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

Eyeing revival of fortunes, Congress reaches out to Dalits

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں