بی جے پی وزرا کا مستعفیٰ نہ ہونا بدبختانہ - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-26

بی جے پی وزرا کا مستعفیٰ نہ ہونا بدبختانہ - مایاوتی

لکھنؤ
پی ٹی آئی
بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے آج للت مودی تنازعہ پر این ڈی اے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج مرکزی وزرا کے مجرمانہ معاملات میں پھس جانے کے باوجود استعفیٰ نہیں دینا نہایت افسوسناک اور بد بختانہ کی بات ہے۔ مایاوتی نے یہاں کہا کہ سنگین مالی خرد برد کے ملزم آئی پی ایل کرکٹ کے سابق کمشنر للت مودی کو تحفظ اور سیکوریٹی فراہم کرنا مرکزی حکومت کے وزرا کے بد عنوان طرزعمل کو پیش کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجرمانہ معاملات میں مرکزی وزیر اور راجستھان کی وزیر اعلیٰ کے پھنس جانے کے باوجود بھی مسٹر نریندر مودی حکومت کا یہ گھمنڈ ی رویہ کہ یہ یوپی اے سرکار نہیں ہے، بلکہ این ڈی اے کی حکومت ہے اور اس حکومت مین وزیر استعفیٰ نہیں دے گا افسوسناک ہے ۔ مایاوتی نے کہا کہ وزرا کی بد عنوان طرز عمل کی وجہ سے مرکز کی نریندر مودی حکومت پوری طرح دفاع کی حالت میں آکر پیچھے کی جانب چلی گئی ہے ۔ مرکزی حکومت ملک کے عوام کو اس بات کا اطمینان بخش جواب نہیں دے پارہی ہے کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے ملک کے مفاد اور ملک کے قانون کو نظر انداز کرتے ہوئے صرف انسانی بنیاد کی کمزور دلیل پر للت مودی کو برطانوی حکومت سے سفری دستاویز لانے کے معاملے میں اتنی آگے جاکر مدد کیوں کی ۔ انہوں نے کہا کہ للت مودی کے خلاف ہندوستان میں مالی خرد برد سے وابستہ کئی معاملات میں تفتیش جاری ہے اور وہ ہندوستان آنے کے بجائے برطانیہ میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔ دہلی ہائی کورٹ نے ان کا پاسپورٹ بھی ضبط کرلیا تھا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے سوال کیا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کے کنبہ کے للت مودی سے گہرے گھریلو تعلقات ہونا الگ بات ہے لیکن ان تعلقات کی بنیاد پر للت مودی کو ملک کے قانون کا سامنا کرنا سے بچانا کیا کسی لحاظ سے مناسب قدم قرار دیا جاسکتا ہے ؟

Lalit Modi controversy: BSP supremo Mayawati attacks govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں