اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر ہند و پاک مندوبین میں تکرار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-27

اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر ہند و پاک مندوبین میں تکرار

اقوام متحدہ
رائٹر
اقوام متحدہ کی حقوق انسانی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور ہندوستان کے مندوب کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا ہے ۔ پاکستان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا اٹوٹ نہیں کیونکہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ میں ہی قرار دادیں منظور ہوئی ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے ذریعہ اپنے مستقبل کا تعین کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے۔ دوسری جانب ہندوستانی مندوب نے اپنے رد عمل میں پاکستان پر سرحد پار دہشت گردی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی عوام نے متعدد بار انتخابات میں حصہ لے کر ہندوستان کے ساتھ رہنے کے فیصلہ کی توثیق کی ہے۔ اقوام متحدہ حقوق انسانی کونسل اجلاس جنیوا میں اس کے یوروپی ہیڈ کوارٹرس میں جاری ہے ۔ اجلاس کے دوران اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل کمیشن سے وابستہ مندوبین نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو حق خود ارادیت دینے کے حق میں بیان دیا جس پر ہندوستانی نمائندوں نے اعتراض کیا اس موقع پر نمائندوں کے درمیان ایک بار پھر مسئلہ کشمیر پر زبردست بحث ہوئی فریقین نے کشمیر کے بارے میں اپنے روایتی موقف اختیار کیا ۔ پاکستانی وفد نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ جموں و کشمیر ہندوستان کا حصہ نہ کبھی تھا اور نہ رہے گا ۔ بلکہ سلامتی کونسل نے متعدد بار جموں و کشمیر کے عوام کا حق خود ارادیت قبول کیا ہے ۔ کشمیری عوام کو اس کے حق خود ارادیت کے استعمال سے محروم رکھا گیا ہے ۔ جس کی ضمانت سلامتی کونسل نے متعدد بار فراہم کی ہے ۔ انہوں نے یہ بات زور دیر کر کہی کہ کشمیری عوام کو خود ارادیت کا حق غیر جانبدار اور شفاف ماحول میں فراہم کیا جانا چاہئے ۔ یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں اقوام متحدہ کی قرار دادیں چھ دہائیاں گزرنے کے باوجود قابل عمل ہیں۔ کشمیر پر غیر ملکی قبضہ کے تحت کسی بھی قسم کے انتخابات کشمیری عوام کے جذبات کی ترجمانی نہیں کرتے ۔

India, Pakistan delegates spar over Kashmir issue at UN

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں