ہندوستانی کہلانا میری مجبوری - علیحدگی پسند کشمیری قائد گیلانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-06

ہندوستانی کہلانا میری مجبوری - علیحدگی پسند کشمیری قائد گیلانی

سری نگر
پی ٹی آئی
علیحدگی پسندقائد سید علی گیلانی آج پاسپورٹ آفیسران کے رو برو حاضر ہوئے اور سفری دستاویز کے لئے رسمی کارروائیوں کی تکمیل کی ۔ انہوں نے اپنے آپ کوہندوستانی قرار دیا اور تاہم اس بات پر زور دیا کہ وہ مجبورا ایسا کہہ رہے ہیں ۔ ریجنل پاسپورٹ آفس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گیلانی نے مخصوص کاؤنٹر پر پہنچ کر اپنا بائیو میٹرک ڈاٹادیا ۔ ان کی انگلیوں کے نشانات اور آنکھ کی پتلی کی اسکیاننگ کی گئی ۔88سالہ سخت گیر حریت پسند قائدجو سعودی عرب میں اپنی علیل دختر سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، آج اپنے ملاقات کے طے شدہ وقت صبح10:15پر پاسپورٹ سیوا کیندر پہنچے۔ عہدیدار نے بتایا کہ انہوں نے قومیت کے خانہ میں ’’ہندوستانی‘‘ تحریر کیا۔ بعدازاں پاسپورٹ آفس کے باہر نامہ نگاروںسے بات چیت کرتے ہوئے گیلانی نے کہا کہ میں پیدائشی طور پر ہندوستانی نہیں ہوں ۔ یہ ایک مجبوری ہے۔ حریت کانفرنس کے ایک ترجمان نے گیلانی کی جانب سے قومیت کے خانہ میں ہندوستانی تحریر کئے جانے کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی پاسپورٹ پر سفر کرنا،ہر کشمیری کی مجبوری ہے۔ گیلانی بھی اسی ضمن میں رسمی کارروائیوں کی تکمیل پر مجبور ہیں ۔ گیلانی کو پاسپورٹ کی اجرائی کے مسئلہ پر سیاسی بحث چھڑ گئی تھی۔ حکمراں بی جے پی نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے کہاتھا کہ انہیں اپنے ہندوستانی ہونے کا اعلان کرنا چاہئے اور اپنی ملکدشمن سر گرمیوں پر معافی مانگنی چاہئے ۔ بہر حال بی جے پی کی حلیف جماعت پی ڈی پی نے اس کی حمایت کی تھی جب کہ سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا تھا کہ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ماضی میں بھی گیلانی کو پاسپورٹ دیاجاچکا ہے ۔ وزارت داخلہ اور وزارتخارجہ نے تقریبا15دن پہلے کہاتھاکہ گیلانی کی پاسپورٹ درخواست نامکمل ہے۔ اسی لئے اس کو پورا نہیں کیاجاسکتا ۔ مرکز نے کہا تھا کہ جب گیلانی تمام رسمی کارروائیوںکی تکمیل کردیں گے تو وہ میرٹ کی بنیاد پر ان کی درخواست کا جائزہ لے گا ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے کہا تھا کہ ان (گیلانی) کی جانب سے ادھوری پاسپورٹ درخواست موصول ہوئی ہے ۔

I'm not Indian by birth: Geelani

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں