غربا کے مسائل کی یکسوئی کے لئے تلنگانہ حکومت سنجیدہ - وزیراعلیٰ کے سی آر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-06

غربا کے مسائل کی یکسوئی کے لئے تلنگانہ حکومت سنجیدہ - وزیراعلیٰ کے سی آر

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ حکومت غریب طبقہ کو در پیش مسائل حل کرنے سنجیدہ ہے ۔ آج ملکا جگری میں غریب افراد میں اراضیاتکے پٹہ تقسیم کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم غربت کے خاتمہ اور پروقارسماج کی تشکیل کے لئے کام کررہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جی او نمبر58کے تحت اراضیات کو باقاعدہ بناتے ہوئے ریاست بھر میں ایک لاکھ پچیس ہزار افرادکو پٹہ جات کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی۔ صرف عظیم تر حیدرآبادکے حدود میں ایک لاکھ سے زائدا فراد میں پٹوں کی تقسیم عمل میں لائی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جملہ دس ہزار کروڑ مالیتی اراضیات کے پٹوں کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔ آج منعقدہ پروگرام پر اظہار مسرت کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ زندگی میں کچھ اچھا کرنے کے مواقع بہت کم حاصل ہوتے ہیں ۔ مجھے آج غریبوں کو اراضیات کا مالک بنتے ہوئے دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ جی او اٹھاون کے تحت اراضیات کو باقاعدہ بنانے کے لئے جملہ تین لاکھ چھتیس ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھیں جن میں ایک لاکھ پچیس ہزاردرخواستوں کو قبول کرتے ہوئے پٹہ جاری کیاجارہا ہے۔ ابھی دو لاکھ سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی جانی باقی ہے ۔ جن افراد کو پٹہ جاری نہیں کئے گئے ہیں انہیں مایوس نہیں ہونا چاہئے ۔ حکومت تمام درخواستوں کو باقاعدہ کرتے ہوئے مرحلہ واری انداز میں پٹہ جاری کرے گی۔ چندر شیکھر راؤنے کہا کہ چند اراضیات کے متعلق عدالتوں میں مقدمات زیر دوران ہیں۔ جیسے ہی ان مقدموں کا فیصلہ صادر ہوگا ، حکومت ماباقی افراد کو پٹہ جاری کرے گی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد اور سکندر آباد میں دو تا تین لاکھ افراد سلم بستیوں، جھونپڑیوں میں زندگی بسر کررہے ہیں ۔ حکومت کی اراضیات کو ان غریبوں کے لئے مکانات تعمیر کرنے کے لئے استعمال کیاجائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سابق میں کہیں کوئی غریب کچے مکان تعمیر کرتے ہوئے پایاجاتا تھا تب مختلف سیاسی قائدین ان مکانات کو منہدم کرادیا کرتے تھے ۔ تاہم آج غریبوں کی حکومت ہے اور حکومت غربوں کو پر وقار باعزت زندگی بسر کرنے کے قابل بنانے کوشاں ہے ۔ چیف منسٹرنے کہا کہ آئندہ چار برسوں میں حیدرآباد کو سلم سے پاک شہر میں تبدیل کردیاجائے گا۔ آئندہ دو سالوں کے دوران غریبوں کے لئے دو بیڈ روم پر مشتمل فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے ۔ ان تعمیرات پر ہونے والے تمام اخراجات حکومت خود برداشت کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت غریبی کا خاتمہ کتے ہوئے عوام کی زندگیوں میں خوشگوار معاشی انقلاب برپا کرنا چاہتی ہے تاکہ ریاست کو حقیقی معنوں میں سنہرے تلنگانہ میں تبدیل کیاجاسکے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر کے سری ہری نے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کو غریب موافق اور عوام دوست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں سیاسی قائدین سرکاری اور غریبوں کی اراضیات پر قبضہ کرنا اپنا پیدائشی حق سمجھتے تھے تاہم ٹی آر ایس حکومت میں غریبوں پر ظلم کو قطعی برداشت نہیں کیاجائے گا۔ حکومت غریبوں کی ہر طرح مدد کرتے ہوئے معیار زندگی بلند کرے گی اور غریبی کا خاتمہ کرے گی۔ انتخابات سے قبل کیے گئے تمام وعدوں کو بہر صورت پورا کیاجائے ۔ رکن پارلیمنٹ ملکا جگری سی ملا ریڈی نے غریب عوام میں پٹوں کی تقسیم کو قابل ستائش اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج ریاست میں تہوار کا ماحول ہے۔ غریبوں کے چہروں پر خوشی دیکھی جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ریاست کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے کیے جارہے اقدامات کو کامیاب بنانے میں ہر شہری کو حکومت کا ساتھ دینا چاہئے ۔ آج منعقدہ پروگرام میں3300افراد کو پٹوں کی تقسم عمل میں لائی گئی ۔ اس موقع پر ریاستی وزرائ، ارکان اسمبلی ، کونسل و عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

Telangana govt concentrates problems of poor, KCR

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں