35,200 کروڑ مالیتی تلنگانہ اریگیشن پراجکٹ کا سنگ بنیاد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-12

35,200 کروڑ مالیتی تلنگانہ اریگیشن پراجکٹ کا سنگ بنیاد

حیدرآباد
آئی اے این ایس
چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج35,200 کروڑ مالیاتی آبپاشی پراجکٹ کاسنگ بنیاد رکھا ۔ کابینہ کی جانب سے منظوری کے ایک دن بعد چیف منسٹر نے پالمورو۔ رنگا ریڈی لفٹ ایریگیشن پراجکٹ کا ضلع محبوب نگر کے بھوت پور منڈل کے موضع کاروینا میں سنگ بنیاد رکھا ۔ یہ پراجکٹ محبوب نگر ، رنگا ریڈی ،نلگنڈہ کی10لاکھ ایکر اراضیات کو سیراب کرے گا ساتھ ہی ساتھ اس کے ذریعہ شہر حیدرآباد کے لئے پینے کے پانی کی فراہمی بھی ممکن ہوگی ۔ اس پراجکٹ کے لئے سری سلیم ڈیم سے70ٹی ایم سی فٹ پانی زرعی اغراض کے لئے اور20ٹیم ایم سی فٹ پانی پینے کے لئے حاصل کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ سری سلیم ڈیم کرشنا ندی پر واقع ہے ۔ اس مجوزہ پراجکٹ کے ذریعہ ضلع محبوب نگر کے7لاکھ ایکر اراضی کو آبپاشی کے لئے پانی فراہم کیاجائے گا جبکہ رنگا ریڈی کی2.7لاکھ ایکر اراضی اور ضلع نلگنڈہ کی تقریبا30ہزار ایکر اراضی کو آبپاشی سہولتیں فراہم ہوں گی ۔ اس موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پراجکٹ کی تکمیل کے بعد متعلقہ اضلاع میں خشک سالی حالات کا خاتمہ ہوجائے گا اور یہاں کے کسانوں کو روزگار کے حصول کے لئے دوسرے مقامات کو منتقل ہونے کی ضرورت باقی نہیں رہے گی ۔ کے سی آر نے کہا کہ غیر منقسمہ آندھرا پردیش میں خشک سالی اور آبپاشی ضرورت کی تکمیل کے لئے کوئی ٹھوس اقدامات روبہ عمل نہیں لائے گئے ۔ سابقہ حکومتیں ان اضلاع میں صرف ڈیمس کی تعمیر کے دعوے کرتی رہیں لیکن عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا گیا جس کے باعث ان اضلاع کے کسانوں کو کئی مصائب سے گزرنا پڑا ۔ پالمورو ۔ رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ تلنگانہ کے زائد از3اضلاع میں آبپاشی سہولتوں کو فروغ حاصل ہوگا ساتھ ہی ساتھ شہر حیدرآباد کے لئے پینے کے پانی کی ضرورت کی ضرورت بھی پوری ہوگی ۔ تلنگانہ کی حکومت عوام کی حکومت ہے اسی لئے ہم عوامی سہولت کے لئے اس پراجکٹ کی تعمیر کا آغاز کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ پراجکٹ خشک سالی سے متاثرہ رنگا ریڈی ضلع کے لئے ایک نعمت ثابت ہوگا ۔ ساتھ ہی ساتھ فلورائیڈ سے متاثرہ نلگنڈہ ضلع اورحیدرآباد و سکندرآباد میں پینے کے پانی کی ضرورتوں کی تکمیل میں بھی یہ معاون ثابت ہوگا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان تینوں اضلاع میں خشک سالی اور پانی کی قلت سے متاثر کسانوں کے لئے ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر اس پراجکٹ کو روبہ عمل لارہی ہے اور اس ڈیم کی تعمیر کے لئے جن جن خاندانوں کی اراضیات حاصل کی گئیں انہیں متبادل زمین اور مکان فراہم کئے جائیں گے ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ حکومت پراجکٹ کے لئے اراضیات دینے والوں کے ہر خاندان سے ایک فرد کو نوکری فراہم کرے گی ۔ بعد ازاں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو پالمورو اریگیشن پراجکٹ کے متعلق حکومت آندھرا پردیش کو واقف کروانے کی ضرورتنہیں ہے کیونکہ ہم اس پراجکٹ کے لئے دریائے کرشنا سے ہمارے حصہ کے لئے مختص پانی ہی حاصل کررہے ہیں جو کہ تلنگانہ کا حق ہے ۔

Foundation laid for Rs.35200 crore Telangana irrigation project

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں