انتخابی وعدوں کے خلاف الیکشن کمیشن کو کارروائی کا اختیار نہیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-15

انتخابی وعدوں کے خلاف الیکشن کمیشن کو کارروائی کا اختیار نہیں

نئی دہلی
پی ٹی آئی
الیکشن کمیشن نے آج کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہونے والی سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کے لئے اس کو اختیار نہیں ہے ، جب کہ وہ پارٹیو ں پر زور دی ہے کہ وہ ایسے وعدوں سے احتراز کریں ۔ قانون حق معلومات کے تحت الیکشن کمیشن کی جانب سے دئیے گئے جواب میں اس نے کہا کہ انتخابی منشور میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کے مسئلہ پر اسے کوئی دستوری اختیار حاصل نہیں ۔ تاہم سپریم کورٹ کے حکم پر تمام مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد انتخابی منشور پر عمل آوری کے لئے رہنمایانہ خطوط تیار کئے گئے ہیں ۔ انتخابی منشور پر انتخابی ضابطہ اخلاق کے فقرہ 8میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹنے5جولائی2013کو الیکشن کمیشن کو حکم جاری کیا ہے کہ تمام مسلمہ پارٹیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن رہنمایانہ خطوط تیا ر کرے ۔ سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق میں ایک علیحدہ سرخی کے تحت سیاسی جماعتوں اور امید واروں کی رہنمائی کے لئے رہنمایانہ خطوط شامل کئے جائیں۔ سپریم کورٹ کی اس ہدایت کے بعد الیکشن کمیشن نے اس مسئلہ پر تمام سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ بات چیت کی ہے جب کہ چند پارٹیوں نے رہنمایانہ خطوط تیار کرنے کے تعلق سے اتفاق ظاہر کیا ہے لیکن چند پارٹیوں نے یہ کہتے ہوئے کہ جمہوریت میں انتخابی منشور میں وعدے کرنے کا انہیں حق حاصل ہے، اسے مسترد کردیا ۔ الیکشن کمیشن نے اصولاًسیاسی جماعتوں کے اظہار خیال سے اتفاق ظاہر کیا ہے کہ انتخابی منشور کی تیاری ان کا حق ہے ، لیکن کمیشن نے کہا کہا نتخابات کے منصفانہ انعقاداور تمام پارٹیوں اور امید واروں کو یکساں موقع فراہم کرنے وہ انتخابی وعدوں اور مفت دی جانے والی پیشکشوں کے اثرات کو نظر انداز نہیں کرسکتی ۔ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی پارٹیوں سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ ایسے وعدوں سے احتراز کریں جن کا انتخابی نتائج پر اثر مرتب ہوتا ہے ۔

Can't act against parties not fulfilling poll promises: EC

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں