للت مودی تنازعہ سے حکومت کی امیج متاثر - بی جے پی اور آر ایس ایس قیادت فکر مند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-19

للت مودی تنازعہ سے حکومت کی امیج متاثر - بی جے پی اور آر ایس ایس قیادت فکر مند

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بی جے پی کو تشویش ہے کہ سابق آئی پی ایل چیف للت مودی اور پارٹی قائدین کے درمیان تعلقات کے بارے میں تنازعہ سے اس کی امیج متاثر ہورہی ہے اور حکومت کا ترقیاتی ایجنڈہ ماند پڑ رہا ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج اور راجستھان کی چیف منسٹر وسندھرا راجے کے خلاف الزامات کے درمیان ذرائع نے ہندوستان ٹائمس کو بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے کابینی رفقا سے کہا ہے کہ لوگ جو دیکھتے ہیں اس پر یقین کرتے ہیں ۔ وزیر اعظم نے بعض وزراکے ساتھ غیر رسمی بات چیت کے دوران کہا کہ حکومت بڑے پیمانے پر امکنہ فراہم کررہی ہے لیکن میڈیا کی توجہ تنازعہ پر ہے ۔ بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کے ترجمان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس تنازعہ کے بارے میں ٹی وی شوز پر غیر ضروری طور پر پیش نہ ہوں ۔ آر ایس ایس کو بھی اس تنازعہ سے حکومت کی امیج پر منفی اثر پڑنے کے بارے میں تشویش ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آر ایس ایس کے سینئر قائدین نے بی جے پی قیادت سے کہا ہے کہ جلد سے جلد اس مسئلہ کی یکسوئی کرے تاکہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈہ سے انحراف نہ ہوسکے ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج مودی کے ساتھ دوبدو ملاقات کی۔ سمجھاجاتا ہے کہ انہوں نے اس مسئلہ پر بات چیت کی ۔ بی جے پی کا کوئی بھی سینئر لیڈر آج مسلسل دوسرے دن چیف منسٹر راجستھان کی مدافعت میں نہیں آیا۔ حالانکہ وزیر خارجہ سشما سوراج کی تائید میں کئی اہم قائدین بیانات دے رہے ہیں ۔

BJP worried Lalit Modi-Swaraj row sullying its image

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں