منی پور میں فوجی قافلہ پر گھات لگا کر حملہ - 20 ہلاک - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-05

منی پور میں فوجی قافلہ پر گھات لگا کر حملہ - 20 ہلاک

امپھال
پی ٹی آئی
بارودی سرنگیں، راکٹس سے چلائے جانے والے ہتھ گولے اور خودکار ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے شورش پسندوں کے ایک گروپ نے آج منی پرو میں ایک فوجی قافلہ پر گھات لگا کر حملہ کیا جس میں کم ازکم20فوجی ہلاک ہوگئے۔ تقریبا دو دہوں میں یہ بد ترین حملہ ہے ۔ ضلع چنڈیل میں گھات لگا کر کئے گئے اس حملہ میں11فوجی جوان زخمی بھی ہوئے ۔ فوج اور سیول حکام کو شبہ ہے کہ منی پور کی باغی تنظیم پیپلز لبریشن آرمی( پی ایل اے) اور مائتی انقلابی تنظیم کے وائی کے ایل اس میں ملوث ہے ۔ وزری اعظم نریندر مودی نے حملہ کی مذمت کی اور ٹوئٹکیا کہ منی پور مین آج کا حملہ نہایت تکلیف دہ ہے ۔ میں ہر اس فوجی کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں جس نے ملک کے لئے اپنی جان قربان کی۔ امپھال سے تقریباً80کلو میٹر دور ٹینگنو پال۔ نیو سمتال روڈ پر6ڈوگراریجمنٹ کی ایک ٹیم حسب معمول آرا و پی( روڈ اوپننگ پٹرول) پر تھی کہ اس پر ایک نامعلوم شورش پسند تنظیم نے طاقتور دھماکو آلہ سے حملہ کیا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ آئی ای ڈی دھماکہ کے بعد شورش پسندوں نے فوج کے4گاڑیوں کے قافلہ پر خود کار اسلحہ سے زبردست فائرنگ کی ۔ فوج کے ترجمان کرنل روہن آنند نے دہلی میں بتایا کہ حملہ میں20فوجی ہلاک اور گیارہ زخمی ہوئے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ شورش پسند بھی مارا گیا ۔ حملہ صبح تقریبا9بجے اس وقت ہوا جب فوجی قافلہ مواضعات پارالونگ اور چرونگ کے درمیان ایک مقام پر پہنچا تھا ۔ منی پور کے معتمد داخلہ جے سریش بابو نے کہا کہ یہ پی ایل اے کی کارستانی دکھائی دیتی ہے جسے کے وائی کے ایل گروپ کی بھی مشتبہ تائید حاصل ہے ۔ ہمیں مزید تفصیلات کا انتظار ہے ۔ تاہم فوج کا ماننا ہے کہ حملہ میں کے وائی کے ایل کا ہاتھ ہے ۔ حملہ کا مقام ہند۔ میانمار سرحد سے تقریبا15-20کلو میٹر دور واقع ہے ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے ہلاکت خیز حملہ کی مذمت کی اور کہا کہ جنہوں نے یہ بزدلانہ حرکت کی ہے انہیں کیفر کردارتک پہنچایا جائے گا۔ دفاع کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریبا20برس میں فوج پر یہ بدترین حملہ ہے۔ ایسی جھڑپیں90کے دہے میں صرف جموں و کشمیر میں سنائی دیتی تھیں ۔ سیکوریٹی فورسس نے عسکریت پسندوں کو پکڑنے کومبنگ آپریشن کے لئے کمک بھیج دی ہے۔ زخمیوں کو دیما پور( ناگا لینڈ) کے ایک ہسپتال بذریعہ ہیلی کاپٹر منتقل کیا گیا۔

Army convoy ambushed in Manipur, at least 20 soldiers killed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں