کویت بم دھماکہ کے مہلوکین میں دو ہندوستانی بھی شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-06-29

کویت بم دھماکہ کے مہلوکین میں دو ہندوستانی بھی شامل

کویت سٹی
پی ٹی آئی
کویت کی ایک شیعہ مسجد میں داعش کے خود کش حملہ میں جاں بحق 26افراد میں دو ہندوستانی بھی شامل ہیں ۔ ہندوستانی سفارتخانہ نے یہ بات بتائی ۔ سفارتخانہ نے ہندوستانی شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کویت میں اپنے تحفظ اور سلامتی کے لئے احتیاطی اقدامات کریں ۔ آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا سفارتخانہ کو26جون کو کویت کی امام صادق مسجد میں کئے گئے بم دھماکہ میں دو ہندوستانی شہریوں کی موت پر افسوس ہے ۔ دونوں مہلوکین کی شناخت رضوان حسین22سال او ر ابن عباس25سال کی حیثیت سے کی گئی ہے ۔ حملہ کے وقت یہ لوگ نماز ادا کررہے تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ حسین اتر پردیش کے ضلع سلطان پور کے موضع ولی پور کا ساکن ہے جو مسجد میں واچ مین کی حیثیت سے برسر خدمت تھا۔ عباس کا تعلق یوپی کے امبیڈ کر نگر کے جلال پور سے بتایا گیا ہے وہ ڈرائیور کی حیثیت سے ملازم تھا ۔ ان کی تدفین ان کے خاندان کی خواہش کے مطابق عراق کے شہر نجف میں کی جائے گی۔ہندوستانی سفیر برائے کویت سنیل جین نے زخمی ہندوستانیوں کی عیادت کی جنہیں حمیری ہاسپٹل میں شریک کروایا گیا ۔ تمام زخمی ہندوستانیوں کی حالت اب مستحکم بتائی گئی ہے اور بعض زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد دواخانہ سے رخصت کردیا گیا ہے ۔ خیال رہے کہ خود کش بمبار نے نماز جمعہ کے دوران مسجد پر بم حملہ کرتے ہوئے 26افراد کو ہلاک اور227افراد کو زخمی کیا تھا۔ داعش نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کویت میں اس بزدلانہ حملہ کی مذمت کی ہے اور کہا کہ نفرت اور احمقانہ تشد د میں نہیں بلکہ امن میں انسانیت کی ترقی مضمر ہے ۔ سفارتخانہ نے کویت میں ہندوستانی برادری کو مشورہ دیا کہ وہ اس دھماکہ کے پس منظر میں ملک میں اپنی سلامتی اور تحفظ کے لئے احتیاطی اقدامات کریں۔ خیال رہے کہ کویت میں زائد از8لاکھ ہندوستانی مقیم ہیں اور مصریوں کے بعد اس ملک میں تارکین وطن کی دوسری بڑی تعداد کا تعلق ہندوستان سے ہے ۔

Two Indians among Kuwait mosque blast victims

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں