لکھنو میں فرقہ وارانہ تصادم کے بعد کشیدگی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-31

لکھنو میں فرقہ وارانہ تصادم کے بعد کشیدگی

لکھنو
یو این آئی
لکھنو کے بازار خلا اور عیش باغ علاقوں میں کل رات لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے مسئلہ پر دو فرقوں کے درمیان جھڑپ کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی پھیل گئی ۔ ان گروپس نے ایک دوسرے پر فائرنگ اور سنگباری کی جس کے نتیجہ میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔ اس علاقہ میں پولیس کی بھاری جمعیت متعین کردی گئی ہے۔ ضلع اور پولیس انتظامیہ کے سینئر عہدیدار ، صورت حال پر نظر رکھ رہے ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق ایک تقریب میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کے مسئلہ پر دونوں فرقوں کے ارکان کے مابین معمولی بحث و تکرار جھڑپ میں تبدیل ہوگئی ۔ شر پسندوں نے پولیس پر بھی سنگباری کی۔ کرفیو جیسی صورت حال دیکھی گئی ۔ اس علاقہ میں تمام دکانات بند ر ہیں اور پولیس نے عوام کو گھروں تک ہی محدود رہنے کی ہدایت دی۔ ڈی آئی جی لکھنو رینج آر کے چتر ویدی نے جو جائے واقعہ پر موجود تھے بتایاکہ صورت حال قابو میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس مسئلہ کے حل کے لئے دونوں فرقوں کے افراد سے بات چیت کررہی ہے دونوں طرف کے مذہبی سربراہان کو طلب کیا گیا ہے۔ تاکہ وہ اپنے اپنے فرقوں کے ارکان کی برہمی دور کرسکیں ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر بڑے پیمانہ پر تشدد کی افواہیں نہ پھیلائیں اور نہ ان پر توجہ دیں ۔ اسی دوران ضلع ایٹاہ سے موصولہ ایک اطلاع میں کہا گیا کہ کل رات دیر گئے ضلع کے اواگڑھ علاقہ میں دو ہجوموں میں جھڑپ میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ یہ جھڑپیں اس وقت ہوئیں جب دو دوکانداروں کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا ۔ بہر حال پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے صور تحال پر قابو پالیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں