ہاشم پورہ قتل عام - حکومت اترپردیش اپیل کرے گی - اعظم خان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-11

ہاشم پورہ قتل عام - حکومت اترپردیش اپیل کرے گی - اعظم خان

علی گڑھ
یو این آئی
اتر پردیش کے وزیر اقلیتی امور محمد اعظم خان نے اشارہ دیا ہے کہ ریاستی حکومت ہاشم پورہ قتل عام کیس میں اپیل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے یہاں کل رات اخباری نمائندوں سے کہا کہ عدالت نے مقدمہ کی طویل سماعت کے باوجود انصاف نہیں کیا ہے ۔ حکومت یوپی عدالت کے فیصلہ کے خلاف اپیل کرے گی اور میں بھی اس سلسلہ میں عدالت سے رجوع ہوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ21مئی کو ہاشم پورہ قتل عام کی برسی پر عدالت کے فیصلہ کے خلاف دہلی میں شمعوں کے ساتھ مارچ نکالاجائے گا ۔ قبل ازیں دہلی کی ایک عدالت نے قتل عام میں ملوث تمام پی اے سی نوجوانوں کو ان کے خلاف ثبوت نہ ملنے پر بری کردیا تھا ۔ ہاشم پورہ قتل عام22مئی1987کو یوپی کے شہر میرٹھ میں ہندو۔ مسلم فسادات کے دوران ہوا تھا۔ پرونشل آرمڈ کانسٹبل(پی اے سی) کے 19جوانوں نے شہر کے ایک محلہ ہاشم پورہ میں42مسلم نوجوانوں کو مبینہ طو ر پر ٹرک میں ضلع غازی آباد کے مراد نگر کے قریب لے جاکر گولی مار کر ہلاک کردیا تھا اور نعشیں نہر میں پھینک دی تھیں۔ اعظم خان نے دعویٰ کیا کہ وہ قتل عام کے دو دن بعد ہاشم پورہ پہنچے تھے اور انہوں نے متاثرین کے خاندانوں کی مدد کی تھی ، لیکن آج بعض افراد جو ہاشم پورہ جانے کا راستہ تک نہیں جانتے، متاثرین سے ہمدردی حاصل کرتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں ۔اعظم خان نے اس بات کا بھی واضح اشارہ دیا کہ پارٹی سے خارج قائد امر سنگھ دوبارہ پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے تبصرہ کیا کہ بدلتے وقت کے ساتھ سیاسی صورتحال بھی الٹ جاتی ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب سینئر سماج وادی پارٹی قائد اعظم خان نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی1987کے ہاشم پورہ قتل عام کے متاثرین کی جانب سے قانونی لڑائی لڑنے کے اقدامات کرے گی ، کیوں کہ متاثرین کو دہلی کی ایک عدالت کے حالیہ فیصلہ سے انصاف نہیں ملا ہے ۔ اتر پردیش کے کابینی وزیر نے کل کہا کہ ان کی پارٹی صرف مگر مچھ کے آنسو نہیں بہائے گی بلکہ وہ قانونی لڑائی لڑنے کے اقدامات کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں متاثرین کے لئے کوئی تلافی دکھائی نہیں دیتی ،لہذا ہمیں اپنے بل بوتے پر قانونی لڑائی لڑنے کی تیاری کرنی ہوگی ۔ خان نے کہا کہ وہ 21مئی کو راج گھاٹ پر شمعوں کے ساتھ مارچ نکالیں گے ۔ وزیر شہری ترقیات نے کہا کہ قتل عام کو28ویں برسی پر سماج کے سبھی طبقات کے افراد کو جو کسی بھی درکنار برادری سے انصاف میں یقین رکھتے ہیں ، اس میں حصہ لینا چاہئے۔ اعظم خان نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ تاخیر سے سنایا گیا فیصلہ ایسے وقت آیا ہے جب کہ مرکز میں ایک ایسی حکومت برسر اقتدار ہے جو اقلیتوں کے حقوق کے تعلق سے مشتبہ ہے ۔

UP Govt likely to appeal over Hashimpura massacre on court's verdict- Azam

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں