یو این آئی
ہائیکورٹ کی رولنگ کے باوجود آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں آ ر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال جاری ہے ۔ ہائیکورٹ نے اسٹاف کو ہڑتال ختم کردینے کی ہدایت جاری کی تاہم غیر معینہ مدت کی ہڑتال ملازمین نے جاری رکھی ہے ، جو آج پانچویں دن میں داخل ہوگئی ۔ آر ٹی سی ملازمین، ریاستی حکومت کے ملازمین کے مساوی43فیصد تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کررہے ہیں ۔ اس کے نتیجہ میں دونوں ریاستوں کے مسافرین کو سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ آج صبح آر ٹی سی یونین قائدین نے تلنگانہ کے وزیر فینانس ای راجندر کے ساتھ تنخواہوں کے مسئلہ پر بات چیت کی جنہوں نے تیقن دیا ہے کہ وہ مطالبات سے متعلق آر ٹی سی کے اعلیٰ عہدہ داروں سے ملاقات کریں گے ۔ وزیر فینانس نے یونین قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ جلد سے جلد ہڑتال کے خاتمہ کے لئے اقدامات کریں کیونکہ مسلسل احتجاج سے کارپوریشن کا امیج متاثر ہوگا ۔ ملازمین کے قائدین نے وزیر آبپاشی ہریش راؤ اور وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی سے بھی ملاقات کی ۔ یونین قائدین نے وزیر فینانس پرزور دیا کہ وہ 43فیصد تنخواہوں میں اضافہ کے ملازمین کے مطالبہ کو قبول کرلے ۔ انہوں نے تنخواہوں میں اضافہ پر کارپوریشن پر عائد ہونے والے اضافی بوجھ پر بھی بات چیت کی ۔ دریں اثناء ملازمین نے مطالبات سے متعلق انتظامیہ کے رویہ کے خلاف دھرنے منظم کئے۔ ورنگل میں بس ڈپوز کے اطراف و اکناف دفعہ144نافذ کردیا گیا ۔ آر ٹی سی انتظامیہ نے کنٹراکٹ ملازمین کی مدد سے محدود خدمات پیش کیں تاہم مسافرین کی دشواریوں کو دور کرنے میں ناکام رہے ۔ دریں اثناء انتظامیہ نے آج شام آر ٹی سی ہیڈ کوارٹرس میں یونین قائدین کو بات چیت کے لئے بس بھون مدعو کیا۔ وزیر ٹرانسپورٹ مہند ریڈی بھی بات چیت میں حصہ لیں گے ۔ آئی اے این ایس کے بموجب سرکاری بسیں تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں آج پانچویں دن بھی سڑکوں سے غائب رہیں۔ آندھرا پردیش اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپویشن اے پی ایس آر ٹی سی کے ملازمین نے عدالت کے احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہڑتال کو جاری رکھا ہے ۔ حیدرآباد ہائی کورٹ کی جانب سے ہڑتال کو غیر مجاز قرار دینے کے ایک روز بعد بھی ایک لاکھ ملازمین ڈیوٹی پر سے غیر حاضر ہیں ۔ دونوں ریاستوں کی حکومتیں، تعطل کو ختم کرنے کوشش کررہی ہیں ۔ انہوں نے بات چیت کے لئے ٹریڈ یونین لیڈرس کو طلب کیا ہے ۔ تلنگانہ کی کابینی سب کمیٹی نے آج صبح اجلاس طلب کیا جب کہ آندھرا پردیش میں ایسا ہی ایک پیانل رات میں اجلاس منعقد کررہا ہے ۔ تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی جو سہ رکنی وزارت کمیٹی کی قیادت کررہے ہیں ۔ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ملازمین کے ساتھ بات چیت کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مطلع کیاجائے گا۔ ریاستی ملازمین 43فیصد اضافہ کا مطالبہ کررہے ہیں جب کہ اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے ادارہ کی مالی حالت کے پیش نظر27فیصد اضافہ سے اتفاق کیا ہے۔ تقریباً20ہزار بسیں سڑکوں سے غائب ہیں۔ دونوں ریاستوں میں ٹرانسپورٹ خدمات مفلوج ہوگئی ہیں ۔ ابتداء میں کنٹراکٹ ورکرس کی مدد سے جزوی خدمات چلا رہا ہے ۔ دریں اثناء اے پی ایس آر ٹی سی انتظامیہ نے بھی تلنگانہ کے قائدین کو آج شام بات چیت کے لئے مدعو کیا ۔ آر ٹی سی نے اتوار کو60فیصد بسیں چلانے کا ادعا کیا ہے ۔
Andhra Pradesh State Road Transport Corporation Employees Continue Strike 5th day
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں