تقریر کرنا بند کر کے کام کرنا شروع کریں - راہول کا مودی کو مشورہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-27

تقریر کرنا بند کر کے کام کرنا شروع کریں - راہول کا مودی کو مشورہ

کوذی کوڑ
آئی اے این ایس
کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو تقریر بند کرکے کام شروع کرنے کا مشورہ دیا۔ دو روزہ دورہ پر یہاں آئے راہول نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے مودی حکومت کو دوبارہ "سوٹ بوٹ گورنمنٹ" سے تعبیر کیا۔ ایک عظیم الشان یوتھ کانفرنس سے مخاطبت میں راہول نے کہا میں اس موقع پر مودی حکومت کو پہلی سالگرہ پر مبارکباد دیتا ہوں ۔ میں انہیں مشورہ دیتا ہوں کہ اگر آگے بڑھنے کا یہی طریقہ رہا تو کسان ، مزدور اور عام آدمی انہیں5 سالگرہ منانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ گاندھی نے حکومت کی ناکامی بالخصوص تحویل اراضی بل، بڑھتی قیمتوں اور ملازمتوں کی فراہمی پر بھی ضرب لگائی ۔انہوں نے کہا کہ سوٹ بوٹ حکومت صرف مودی کے چند دوستوں کو فائدہ پہنچانے اور ان کے مفادات کی حفاظت کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ جنہوں نے انہیں الیکشن کے لئے پیسہ دیا تھا ۔ وہ غریب کسانوں سے زمین چھین کر اپنے دوستوںکو دینا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ(مودی) اب ماہی گیروں سے سمندر چھین لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اب زور دے رہے ہیں کہ ماہی گیر ، ماہی گیری کے وقت پاسپورٹ ضرور رکھیں ۔ گاندھی نے کہا یہ حکومت صرف شہ سر خیوں میں رہنے میں دلچسپی رکھتی ہے ۔ یہ کم کارکردگی(کام) اور زیادہ سے زیادہ گفتار پر یقین رکھتی ہے ۔ کانگریس قائد نے مزید کہا کہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ملازمتوں کے مواقع30فیصد تک کم ہوئے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں اراضی بل اور ملازمتوں کے مواقع میں گہرا تعلق ہے اور کہتے ہیں کہ صرف اس بل کے پاس ہونے پر ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے کا مستقبل منحصر ہے ۔ یہ صحیح نہیں ہے ، کیوں کہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے پاس بہت زیادہ زمینات ہیں اور یہ بات صاف ہوئی ہے کہ زمین کی قلت کے سبب صرف8فیصد پراجکٹس زیر التوا ہیں۔ قیمتیں کم ہوئیں مودی کے اس بیان کی بھی گاندھی نے مذمت کی ۔ مودی کہتے ہیں قیمتیں کم ہوئی ہیں لیکن میں نے ابھی تک کسی سے ایسا نہیں سنا، ایندھن اور ضروری اشیا کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں ۔ وہ بڑے پیمانہ پر غیر ممالک کا دورہ کررہے ہیں ،لیکن انہوں نے ہمارے ملک کے غریب افراد کے ہاتھ ابھی تک نہیں تھامے، کسان غیر موسمی بارش اور ژالہ باری سے ابتر حالت میں ہیں۔ کانگریس لیڈران بشمول سابق مرکزی وزیر ادااے کے انٹونی وائیلا روی اور وزیر اعلیٰ وومن چانڈی بھی اس ریالی میں شریک تھے ۔ چہار شنبہ کے روز کانگریس قائد تھریسور سے قریب چاؤ کاڈو میں ماہی گیروں کے قبیلہ سے مخاطب ہوں گے جس کے بعد وہ کوچی میں کسانوں کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے ۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب مرکزی حکومت کے خلاف جارحانہ رویہ برقرار رکھتے ہوئے رفالے معاہدے سے متعلق کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ حکومت زوردار تشہیر کردہ میک ان انڈیا پروگرام کو فرانس سے رفالے کی خریداری کا معاہدہ کر کے خدا حافظ( گڈ بائے) کررہی ہے ۔ راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائد غلام نبی آزاد نے لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ملکاارجن کھرگے کے ہمراہ بی جے پی حکومت کی ایک سالہ کارکردگی پر رپورٹ کارڈ جاری کرنے کے بعد رپورٹرس سے مخاطبت میں کہا کہ مودی حکومت نے یکطرفہ رفالے معاہدہ کر کے میک ان انڈیا کو میک ان فرانس سے بدل دیا ہے ۔42صفحات پر مشتمل رپورٹ کو میک ان انڈیا پروگرام کے ریل میں اس معاہدہ کو حکومت کی ایک بڑی ناکامی قرار دیا ۔ آزاد نے زور دیا کہ کانگریس حکومت کے دوران بڈنگ پروسس کے درمیان صرف18رفالے طیارہ فلائی وے حالت میں خریدنے کا عمل شروع ہوا تھا۔ بقیہ108طیارے ہندوستان ہی میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کے تحت تیار کرنے کا طے ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعہ ہی میک ان انڈیا پروگرام ممکن تھا، کیونکہ ایسا کرنے سے ہی ملک میں ہزاروں نوکریاں دستیاب ہوتی اور اہم ٹکنالوجی ملک میں منتقل ہوتی، میک ان انڈیا پروگرام کو ایک خلائی نعرہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے صرف بڑے بڑے شوز اور ایونٹ مینجمنٹ کا سہارا لیا اور حقیقتاً مینو فیکچررس کے درمیان عالمی مقابلہ آرائی کے چیالنجس سے نمٹنے کے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ ایک سال ۔ ملک بد حال ، نامی کتابچہ میں کانگریس نے حکومت کو ایک ناکام اور سوٹ بوٹ سرکار قرار دیا ۔ مودی نے پچھلے ماہ دورہ فرانس کے دوران6بلین ڈالر مالیت کے36رفالے جٹ طیارے خریدنے کے ایک معاہدہ پر دستخط کئے تھے ۔

Stop making speeches, start action: Rahul tells Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں