منموہن سنگھ نے مجھے نقصان پہنچانے کی دھمکی دی تھی - سابق صدر نشین ٹرائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-27

منموہن سنگھ نے مجھے نقصان پہنچانے کی دھمکی دی تھی - سابق صدر نشین ٹرائی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سابق یوپی اے حکومت کی مذمت میں ایک اور کتاب سامنے آئی ہے ۔ ٹیلی کام ریگولیٹری اتھاریٹی آف انڈیا(ٹرائی) کے سابق صدر نشین پردیپ بائجال نے الزام عائد کیا ہے کہ اس وقت کے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے انہیں انتباہ دیا تھا کہ اگر وہ2Gٹیلی کام لائسنسوں کے سلسلہ میں تعاون نہ کریں تو انہیں نقصان اٹھانا پڑے گا۔ بائجال نے جو2Gاسپکٹرم الاٹمنٹ اسکام کیس کے ملزمین میں شامل ہیں ، یہ بھی دعویٰ کیا کہ سی بی آئی چاہتی تھی کہ وہ ارون شوری اور رتن ٹاٹا کو اس کیس میں ماخوذ کریں ۔ بائجال نے جنہیں این ڈی اے حکومت نے2003میں ٹیلی کام ادارہ کا سربراہ مقرر کیا تھا ، اپنی خود شائع کردہ کتاب" دی کمپلیٹ اسٹوری آف انڈین ریفارمس" میں کہا کہ یوپی اے کے وزیر ٹیلی کام دیاندھی مارن کے دور میں 2G اسکام مقدمہ کا آغاز ہوا تھا ۔ بائجال نے 2G کیس اور سرمایہ نکاسی مسائل کا بظاہر واضح حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ انہوں( سی بی آئی) نے مجھے ہر کیس میں یہ انتباہ دیا تھا کہ اگر میں تعاون نہ کروں تو مجھے نقصان پہنچے گا ۔ اتفاقاً ممتاز ماہر معاشیات وزیر اعظم نے بھی یہی بات مجھ سے کہی تھی ۔ سابق وزیر اعظم نے فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے جب کہ بائجال نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ میں نے ہر بات بتا دی ہے ۔ یہ100فیصد درست ہے اور ہر چیز ثابت کرنے میرے پاس ثبوت ہے ۔ گزشتہ زائد از ایک سال کے دوران یہ تیسری کتاب سامنے آئی ہے جو وزیر اعظم منموہن سنگھ اور ان کی حکومت کا پیچھا کررہی ہے ۔ پہلی کتاب ان کے معاون و میڈیا مشیر سنجے بارو نے لکھی تھی اور بعد ازاں سابق کوئلہ سکریٹری کی کتاب سامنے آئے تھی ، جو کوئلہ بلاکس الاٹمنٹ کے اس کیس کے ملزم ہیں ۔ بائجال نے کہا کہ انہوں نے یکساں لائسنس نظام کے بارے میں سفارشات پیش کی تھیں جس کے بعد ان سے مناسب سلوک نہیں کیا گیا ۔ اس کی وجہ سے کئی مسائل پیدا ہوئے اور اس وقت کی حکمراں جماعت کی جانب سے مخالفانہ رد عمل ظاہر کیا گیا ۔ جب میں نے اس وقت کے وزیر اعظم (منموہن سنگھ) سے ملاقات کی تو انہوں نے کہا کہ آپ کو ا پنے وزیر کی بات سننی چاہئے اور ان کی رائے کا لحاظ کرنا چاہئے ۔ میں نے ان سے کہا کہ وزیر کے خیالات سے میں کافی مصیبت میں پڑ جاؤں گا ۔ مارن نے جو مئی2004تا2007یوپی اے کے دور حکومت میں وزیر ٹیلی کام کے عہدہ پر فائز تھے ، بائجال کو دھمکی دی تھی کہ اگر وہ یکساں لائسنسوں کے بارے میں سفارشات پیش نہ کریں تو انہیں سنگین نتائج و عواقب کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بنگلورو کوئمبتور سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ٹرائی کے سابق صدر نشین پردیب بائجال کے2G اسکام کیس کے سلسلہ میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر الزامات کا سہارا لیتے ہوئے مودی حکومت کے بی جے پی کے وزیروں نے آج سابق یوپی اے حکومت کو نشانہ تنقید بنایا اور اسے کرپشن کا مخلوط اتحاد قرار دیا ۔ وزیر ماحولیات پر کاش جاؤدیکر نے کوئمبتور میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ان انکشافات سے یہ واضح ہوجاتا ہے کہ یہ کرپشن کی ملی جلی سرکار تھی۔ وزیر ٹیلی کام روی شنکر پرساد نے کہا کہ بائجال نے اپنی کتاب میں جو دعوے کیے ہیں ان سے ظاہر وہتا ہے کہ منموہن سنگھ زیر قیادت یوپی اے حکومت کس طرح کام کرتی تھی ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ ، سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کی حکومت کو2Gاسکام کے سبب کافی پشیمانی اٹھانی پڑی ۔ وہ صفر خسارہ کی بات کرتے تھے اور سی اے جی کی رپورٹ کا مذاق اڑایا کرتے تھے ۔ اب اگر پردیب بائجال نے یہ لکھا ہے تو یہ انتہائی بدبختانہ ہے ۔ روی شنکر پرساد نے بنگلورو میں ایک پریس کانفرنس میں یہ بات بتائی ۔

Ex-TRAI chairman Pradip Baijal says Manmohan Singh 'threatened him over 2G scam'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں