حکومت متکبر اور کسان دشمن - صدر کانگریس سونیا گاندھی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-07

حکومت متکبر اور کسان دشمن - صدر کانگریس سونیا گاندھی کا الزام

نئی دہلی
پی ٹی آئی
صدر کانگریس سونیا گاندھی نے اپنی دو تیز و تند تقاریر میں آج وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ اقتدار کو مرکوز کرتے ہوئے اور ریاستوں کی طاقت کو کمزور کرتے ہوئے ایک شخص کی جانب سے چند لوگوں کے لئے چند افراد کی حکومت چلارہے ہیں ۔ انہوں نے مودی پر یہ بھی الزام عائد کیا کہ وہ بیرونی سرزمین پر فرانس میں اپنے ممتاز پیشرو( منموہن سنگھ) پر تنقید کرتے ہوئے داخلی سیاست کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کینیڈا میں قابل مذمت اصطلاحوں میں یوپی اے کا حوالہ دیتے ہوئے انتہائی نچلی سطح پر پہنچ گئے تھے۔ تقریباً ایک سالہ دور حکومت میں تمام محاذوں پر مودی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ اقلیتوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں جب کہ سیاسی مباحث کو زہریلا بناتے ہوئے عوام کو غیر محفوظ محسوس کرنے پر مجبور کردیا گیا ہے ۔ حکومت کے طرز کار کردگی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تقریباً تمام اہم فائلیں پی ایم او میں زیر التوا ہیں جس کی وجہ سے وزراء کا وجود بے معنی ہوگیا ہے جب کہ با اختیار سرکاری عہدیدار اپنے آپ کو مفلوج محسوس کررہے ہیں ۔ سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے اختتام سے قبل کانگریس پارلیمانی پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اتفاق رائے سے پیدا کرنے کی باتیں کرنا پسند نہیں کرتے ہیں۔ اس کے باوجود وہ روایات کو نظر انداز کررہے ہیں اور یہ حکومت انتہائی ہٹ دھرمی اور تکبر کے ساتھ کام کرتی ہے ۔ انہوں نے لوک سبھا میں بھی گھن گرج کی اور شفافیت کے مسئلہ پر شرمناک یوٹرن لینے پر مودی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ دانستہ طور پر چیف انفارمیشن کمیشن ، سی وی سی اور لوک پال کے کلیدی عہدوں کو مخلوعہ رکھ رہی ہے ۔ وزیر اعظم پر اختیارات کو مرکوز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی از سر نو تشریح کرنے پر حکومت سہرا باندھے جانے کی مستحق ہے ۔ یہ اب عوام کے لئے عوام کی جانب سے عوام کی حکومت نہیں رہی ہے ، بلکہ ایک شخص کی جانب سے چند منتخب افراد کے لئے چند افراد کی حکومت بن گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے پردہ کے پیچھے حکومت صرف ساز باز کرنے والے سرمایہ داروں کے لئے اچھے دن لارہی ہے ۔ حکومت میک ا ن انڈیا کے نام پر ورکرس اور مزدوروں کے حقوق اور مفادات کو ختم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ کیا ہندوستان میں کوئی چیز نہیں بنتی؟ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کو ایک ایسا ملک بنانے کا سہرا حکومت کے سرجاتا ہے جہاں آئے دن اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بے حرمتی کی جاتی ہے ۔ حکومت میں شامل افراد کے مسلسل اشتعال انگیز بیانات جاری ہیں ۔ بعض اوقات وزراء بھی بعض برادریوں اور ہمارے جمہوری اداروں کے خلاف فتنہ انگیز تبصرے کرتے ہیں ۔ سنگھ پریوار میں شامل بعض لوگ اقلیتوں کے ووٹنگ حقوق ختم کردینا چاہتے ہیں ۔ وہ بظاہر بی جے پی کی حلیف جماعت شیو سینا کے مطالبہ کا حوالہ دے رہی تھیں۔

Sonia terms Modi government anti-farmer, arrogant

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں