سلمان خان کی سزا معطل - ضمانت پر رہائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-09

سلمان خان کی سزا معطل - ضمانت پر رہائی

ممبئی
پی ٹی آئی
سلمان خان کو2002ء کے ہٹ اینڈ رن( ٹکر مار کر فرار ہونے) کیس میں ان کی اپیل زیر التوا رہنے تک جیل نہیں جانا پڑے گا کیونکہ بمبئی ہائی کورٹ نے ان کی سزا معطل کردی ہے اور انہیں ضمانت دے دی ہے جس سے بالی ووڈ کے ایک بہت بڑے سوپر اسٹار کو بڑی راحت ملی۔ جسٹس ابھئے تھپسے نے کہا کہ یہ وہ کیس نہیں کہ میں سلمان کو اس کی پیل کی سماعت اور فیصلہ تک جیل میں رکھوں ۔ اس کا حق کیوں متاثرہو جب کہ اس کی اپیل زیر التوا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ کئی کیسس میں لوگوں نے دکھ جھیلا ہے اور اپنی پوری جیل کی میعاد کاٹی ہے جب کہ بعد ازاں وہ ہائی کورٹ سے بری ہوئے ۔ چہار شنبہ کو سشن کورٹ نے سلمان خان کو5سال قید کی سزا سنائی تھی جس کے بعد ہائی کورٹ نے اداکار کو 48گھنٹوں کی عبوری ضمانت منظور کی تھی ۔ جسٹس تھپسے نے کہا کہ عام قانون ہے کہ جب کسی کی اپیل سماعت کے لئے قبول کرلی جائے اور سزا7سال کے اندر ہو تو اسے معطل کیاجاتا ہے ۔ انہوں نے استغاثہ سے سوال کیا کہ آپ اس سے انحراف کیوں چاہتے ہیں ۔ اس طرح انہوں نے استغاہ کے استدلال کو مسترد کردیا۔ عبوری ضمانت آج شام ختم ہونے کو تھی، جج نے سلمان سے کہا کہ وہ تحت کی عدالت میں حاضر ہو اور30ہزار روپے کا تازہ بانڈ اور مساوی رقم کی شوریٹی دے کر مستقل ضمانت حاصل کرلے۔ بعد ازاں اداکار نے ممبئی سشن کورٹ میں اس کارروائی کی تکمیل کی اور سشن کورٹ نے انہیں ضمانت پر رہا کردیا ۔49سالہ اداکار جب تحت کی عدالت سے باندرہ اپنے فلیٹ روانہ ہوا تو وہ بڑا پرسکون دکھائی دے رہا تھا ۔ اس کے سینکڑوں پرستار، عدالت کے باہر اکٹھا تھے ، وہ نیلے رنگ کے ڈینم جینس اور سفید شرٹ میں ملبوس تھا ۔ مشہور ادکار پر200تا250کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں ۔ عدالت کے اس حکم سے ہندی صنعت کو بڑی راحت ملی ہے ۔

Salman Khan's 5-year jail sentence suspended, released on bail

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں