تلنگانہ اور آندھرا آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال جاری - مسافرین کو تکالیف کا سامنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-09

تلنگانہ اور آندھرا آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال جاری - مسافرین کو تکالیف کا سامنا

حیدرآباد
آئی اے این ایس
دونوں ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں آج تیسرے دن بھی پبلک ٹرانسپورٹ نظام معطل رہا ۔ آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال کے باعث دونوں ریاستوں کی سڑکوں سے بسیں غائب رہیں ۔ پے ریویژن کی سفارشات لاگو کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آر ٹی سی ملازمین گزشتہ تین دنوں سے ہڑتال پر ہیں ۔ آر ٹی سی انتظامیہ نے کنٹراکٹ ڈرائیورس اور کنڈکٹروں کی مدد سے چند ایک بسیں چلانے کی کوشش کی لیکن یہ کوششیں دونوں ریاستوں میں تصادم کا باعث بنیں جس کے نتیجہ میں چند مقامات پر حالات کسی قدر کشیدہ دیکھے گئے ۔ ہنمکنڈہ ضلع ورنگل میں ہڑتالی ملازمین اور پ ولیس کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں15خاتون کنڈکٹرس زخمی ہوگئیں۔ یہ تصادم اس وقت ہوا جب کہ احتجاجیوں نے بس ڈپو ہنمکنڈہ کے پاس پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو ہٹانے کی کوشش کی ۔ بتایاجاتا ہے کہ بس سرویس شروع کرنے کے لئے پولیس نے یہ رکاوٹیں کھڑی کی تھیں جس کا مقصد احتجاجیوں کی کوششوں کو ناکام بنانا تھا ۔ ضلع کھمم کے کتہ گوڑم ٹاؤن میں حالات اس وقت کشیدہ ہوگئے جب کہ ایک ملازم نے خود سوزی کی کوشش کی۔ اس ملازم نے اپنے جسم پر کیروسین چھڑک کر اس وقت آگ لگالینے کی کوشش کی جب کہ پولیس احتجاجیوں کو گرفتار کرچکی تھی ۔ اجرت میں43فیصد اضافہ کا مطالبہ کتے ہوئے اے پی ایس آر ٹی سی کے تقریباً ایک لاکھ ملازمین ہڑتال پر ہیں ۔ آر ٹی سی مینجمنٹ نے ملازمین کو27فیصد اضافہ کا پیشکش کیا ہے اور انتباہ دیا کہ ڈیوٹی پر رجوع بکار نہ ہونے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ ہڑتال کا ریاست آندھرا پردیش میں منعقدہ ایمسٹ امتحان پر بھی اثر دیکھا گیا ۔ کئی ایک امیدواروں کو وقت سے قبل امتحانی مرکز پہنچنے کے لئے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ریاست بھر میں 2۔5لاکھ سے زائد امیداروں نے ایمسٹ میں شرکت کی جس میں حیدرآباد میں22700امید واربھی شامل ہیں۔ چند ایک مقامات پر طلباء کے لئے پولیس اور محکمہ ریوینو کے عہدیداروں کے تعاون سے بس سرویس چلائی گئی ۔ یو این آئی کے بموجب آر ٹی سی ملازمین کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے پیش نظر حمل و نقل کے بہتر انتظامات کے حکومت کے دعوے کے باوجود ریاست آندھرا پردیش اور حیدرآباد کے کئی مقامات پر ایمسٹ امیدواروں کو امتحانی مراکز تک پہنچنے کے لئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ دونوں ریاستوں میں آر ٹی سی ملازمین کی ہڑتال آج تیسرے دن میں داخل ہوگء یہے ۔ ہڑتال کے پیش نظر حکومت آندھرا پردیش نے فیصلہ کیا کہ ایک منٹ کی تاخیر سے مرکز امتحان پہنچنے والوں کو اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔
حیدرآباد کے بشمول25علاقائی سنٹرس پر آج2۔55لاکھ امیدواروں نے اے پی ایمسٹ میں شرکت کی ۔ ہڑتال کے باعث امیدواروں اور اولیائے طلباء کو مقررہ وقت سے تین گھنٹے قبل مراکز پر دیکھا گیا ۔ آر ٹی سی کے وائس چیرمین اور منیجنگ ڈائرکٹر کے سامبا شیوا راؤ نے کہا کہ خانگی ڈرائیورس کی خدمات حاصل کرتے ہوئے بسیں چلائی گئیں اور آر ٹی سی عہدیداروں کے تعاون سے ہر منڈل سے امحانی مرکز تک خانگی اسکولوں اور کالجوں کی بسیں بھی چلائی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایمسٹ امیدواروں کو متعلقہ امتحانی مرکز پہنچنے میں مسائل درپیش ہوں تو انہیں ٹال فری نمبر18004256755پر ربط پید اکرنے کا مشورہ دیا گیا تھا ۔ قبل ازیں راؤ نے ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے کنٹراکٹ ملازمین کو برطرف کرنے کا انتباہ دیا تھا۔ تلنگانہ کے وزیر ٹرانسپورٹ پی مہندر ریڈی نے اس بات کو مسترد کردیا کہ حکومت آر ٹی سی ملازمین کے مطالبہ پر43فیصد فٹمنٹ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر ملازمین کے یونینوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں اور حکومت کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کے لئے بھی تیار ہے تاکہ اس مسئلہ کو گفت و شنید کے ذریعہ حل کیاجاسکے ۔ انہوں نے پھر ایک بار تمام یونینوں سے اپیل کی کہ مسافرین کو در پیش مشکلات کے پیش نظر ہڑتال ختم کردیں ۔ تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر پروفیسر ایم کودنڈا ارام نے ہڑتالی ملازمین کی تائید کی اور کہا کہ ان کے مطالبات جائز ہیں ۔ اے پی ایس آر ٹی سی ایمپلائز یونین نے کہا کہ مطالبات کی یکسوئی تک ملازمین ہڑتال جاری رکھیں گے ۔ دی ہندو کے بموجب ظہر آباد ڈپو کے ایک آر ٹی سی ورکر نے آج خود سوزی کی کوشش کی تاہم دیگر ورکرس اور پولیس نے بر وقت مداخلت کرتے ہوئے اسے ناکام بنادیا ۔ ہڑتال کے تیسرے دن بھی زیادہ تر بسیں ڈپوز میں ٹھہری رہیں ۔ ضلع میدک کے7ڈپوز سے70سے زائد بسیں پولیس کی نگرانی میں مخصوص روٹس پر چلائی گئیں ۔ ضلع کے بس ڈپوز میں ملازمین کے احتجاج پر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کیا گیا ۔ صدر ضلع کانگریس وی سنیتا لکشماریڈی نے ہڑتالی ملازمین سے اظہار یگانگت کیا اور ان کے مطالبات کی تائید کی ۔

People in 2 Telugu States facing problems with RTC Strike

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں