مخالف کسان و ماہی گیر پالیسیوں کے خلاف مرکز کو راہول گاندھی کا انتباہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-28

مخالف کسان و ماہی گیر پالیسیوں کے خلاف مرکز کو راہول گاندھی کا انتباہ

تھریسور
پی ٹی آئی، یو این آئی
کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے مرکزی حکومت پر مخالف کسان اور مخالف ماہی گیر پالیسی اپنانے پر سنگین نتائج و عواقب کاانتباہ دیا ۔ انہوں نے ملک کی غیر عوام سے کہا کہ وہ سوٹ بوٹ حکومت سے گھبرائیں نہیں۔ کیرالا کے ضلع تھریسور کے چاوا کا ڈبیچ پر مہاسنگا مام سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کویا ددہانی کرائی کہ کوئی بھی حکومت مخالف غریب پالیسیوں کے ذریعہ ان کے حقوق سلب کرتے ہوئے کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے غریب کے حقوق کو چیلنج کیا وہ کبھی کامیاب نہیں ہوئے۔ کانگریس قائدنے کہاکہ مودی نے زرعی پیداوار پر اقل ترین امدادی شرح( ایم ایس پی) اورکسانوں کوبونس دینے کا وعدہ کیا تھا ۔ یوپی اے کی جانب سے لایا گیا تحویل اراضی قانون کسانوںکے مفادمیں ہے اور اب وزیر اعظم کسانوں کے مفادات کا خیال کئے بغیر اسے تباہ کررہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کسانوں کی زمین حاصل کرنا چاہتی ہے ۔ ان زمینات کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں اراضی سونا بن گئی ہے ۔ این ڈی اے حکومت اس سونے کو اپنے دوست کارپوریٹ اداروں کے حوالہ کرنا چاہتی ہے ۔ راہول گاندھی نے آج کرالا کے تریسور میں ماہی گیروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس ماہی گیروں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے اور سمندر میں مچھلیاں پکڑنے جانے سے حکومت انہیں نہیں روک سکتی ۔ انہوں نے کہا کہ زمین کسان کی ماں ہوتی ہے اور سمندر ماہی گیروں کی ماں ہوتی ہے ۔ مرکزی حکومت کسانوں سے اراضی اور ماہی گیروں سے سمندر کو چھیننا چاہتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے حکومت کسانوں کے مفادات کے قانون کو برباد کررہی ہے۔انہوں نے سوال کیا کہ کسانوں کے لئے یہ بات اہم ہے کہ ان کی مرضی کے خلاف مرکزی حکومت کیوں یہ اراضی ان سے حاصل کررہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ یہ اراضی کارپوریٹ اداروں کو مرکزی حکومت دینا چاہتی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کئی کسانوں نے ان سے پوچھا ہے کہ این ڈی اے حکومت انہیں کیوں برباد کررہی ہے ۔ ان کی پیداوار ی اشیا پر اقل ترین امدادی قیمت کیوں نہیں دی جارہی ہے اور بارش و ژالہ باری سے فصلوں کو ہوئے نقصان پر انہیں معاوضہ کیوں نہیں دیاجارہاہے ۔ راہول گاندھی نے واضح کیا کہ مرکزی حکومت کسانوں کی اراضی حاصل کرنا چاہتی ہے اور کسانوں کیلئے کانگریس پارٹی لڑائی لڑ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی اراضی کافی قیمتی ہے اس کے مالک خود کسان ہیں۔ کسان گزشتہ50تا60برسوں سے اس پر کام کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی نے آج دوپہر کو چین کے الوا میں ربر کی پیداوار کرنے والے خاندانوں سے بھی ملاقات کی ۔

Rahul warns Centre of serious consequences for pursuing anti-farmer policies

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں