مودی حکومت کسانوں کی نہیں صنعتکاروں کی ہمدرد - راہول گاندھی کا الزام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-01

مودی حکومت کسانوں کی نہیں صنعتکاروں کی ہمدرد - راہول گاندھی کا الزام

دھمن گاؤں (مہاراشٹرا)
پی ٹی آئی
نریند رمودی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ اس نے ایسے وقت کسانوں کو تنہا کردیا ہے جب ملک کو بحران کا سامنا ہے جب کہ یہ حکومت صنعتکاروں کی مدد کررہی ہے ۔ راہول گاندھی نے یہاں اپنی پد یاترا شروع کرتے ہوئے ریاست کے ودربھ علاقہ میں کسانوں سے ملاقات کی ۔ راہول گاندھی کو کسانوں نے بتایا کہ انشورنش کمپنیاں ان کے ساتھ دھوکہ دہی کررہی ہیں اور فصلوں کے نقصان کے بعد مناسب معاوضہ ادا نہیں کررہی ہیں۔ راہول گاندھی نے آج صبح" سنودیاترا" کا گنجی گاؤں سے آغاز کیا جو مہاراشٹرا کے امراوتی ضلع میں ہے۔ وہ گنجی سے رام گاؤں کے درمیان5دیہاتوں کا دورہ کریں گے اور ان کسانوں سے ملاقات کریں گے جن کی فصلیں حالیہ غیر موسمی بارش کی وجہ سے تباہ ہوئیں اور اس کی وجہ سے ان کسانوں نے خود کشی کرلی ۔ جوٹ کی ایک چٹائی پر بیٹھے ہوئے راہول گاندھی سے کسانوں نے اپنی تکالیف اور مسائل بیان کئے ۔ ہری پور گاؤں میں ایک مندر کے باہر راہول گاندھی چٹائی پر بیٹھے تھے اور صبر و تحمل سے کسانوں کے مسائل سماعت کررہے تھے ۔ گاؤں والوں نے الزام عائد کیا کہ انشورنس کمپنیاں صرف چند نمونے حاصل کررہی ہیں اور اسی کی بنیاد پر تمام کسانوں کو یکساں معاوضہ دیاجارہا ہے جس کی وجہ سے کسانوں کو فصل کا مناسب معاوضہ نہیں مل رہا ہے ۔ چند کسانوں نے بتایا کہ جو ادویات اور کھاد انہیں سربراہ کیاجارہا ہے اس کی قیمت بہت زیادہ ہے جب کہ ان اشیاء کی پیداواری لاگت کافی کم ہے ۔ گاؤں والوں نے راہول گاندھی کی توجہ غیر موسمی بارش کی وجہ سے خراب ہونے والی سویا بین کی فصلوں کی طرف بھی دلائی ۔ سویا بین کی قیمت میں زبردست اضافہ ہوا ہے جب کہ کئی فصلیں تباہ ہوئی ہیں ۔ کسانوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں جو بل پیش کیاجارہا ہے اس سے انہیں خدشہ ہے کہ تاجر ان کی زمین ہڑپ کرلیں گے ۔ انہوں نے کانگریس لیڈر سے کہا کہ وہ اس بل کی مخالفت کریں ۔ راہول گاندھی نے پیدل ہی گاؤں کا دورہ کیا۔ اس پد یاترا میں بڑی تعداد میں کانگریس قائدین اور کارکن دیکھے گئے ۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر اور سابق وزیر زراعت رادھا کرشنا وکھے پاٹل بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ راہول گاندھی کے ساتھ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مکل واسنک ، رکن راجیہ اویناش پانڈے بھی دیکھے گئے ۔

Rahul Gandhi goes for a 'sanvad padyatra'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں