تشدد ترک کرنے وزیر اعظم کی نکسلائٹس سے اپیل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-10

تشدد ترک کرنے وزیر اعظم کی نکسلائٹس سے اپیل

دنتے واڑہ
پی ٹی آئی، یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج نکسلائٹس سے تشدد چھوڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تشدد میں مستقبل نہیں ہے ، صرف امن میں ہی مستقبل ہے ۔ وزیر اعظم آج اپنے ایک روزہ چھتیس گڑھ دورے کے دوران نکسلائٹس تشدد سے متاثر ضلع دنتے واڑہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ جلسہ میں انہوں نے تشدد کی راہ پر چلنے والے نوجوانوں سے کہا کہ وہ تجربہ کے طور پر کم از کم2دن سے5دن کندھے سے بندوق اتا ر کار سادے کپڑے پہنے اور نکسلی تشدد میں جس کاندان نے اپنا کوئی فرد کھویا ہے اس گھر کے بچوں کے ساتھ رہیں ، ان کے ساتھ باتیں کریں۔ وہ بچے اپنی باتوں سے آپ کے دل کو بدل کر رکھ دیں گے ۔ نریندر مودی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ترقیاتی کام کا فائدہ ہندوستان کے تمام حصوں ، دوردراز کے جنگلای علاقوں اور غریب کی جھونپڑیوں تک پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چھتیس گڑھ نکسل مسئلہ سے پاک ہوجائے تو یہ ریاست ملک میں اول مقام حاصل کرسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ چھتیس گڑھ کے پاس وہ طاقت ہے جو ہندوستان کا مستقبل بدل سکتی ہے۔ مودی نے کہا کہ بستر کے باشندے یہ چاہتے ہیں کہ یہاں کی سر زمین سے نکلنے والی معدنیات کا استعمال اسی خطہ کے لئے ہو۔ ان کی یہ خواہش آج الٹرا میگا اسٹیل پلانٹ پراجکٹ کے ذریعہ پوری ہونے جارہی ہے ۔ وزیر اعظم آج اپنے ایک روزہ چھتیس گڑھ دورہ کے دوران نکسلائٹس سے متاثرہ ضلع دنتے واڑہ میں جو کسی وزیر اعظم کی جانب سے اس علا قہ کا30سال میں پہلا دورہ ہے ، ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے ۔ وزیر اعظم نے نکسلائٹس سے متاثرہ بستر علاقہ میں24ہزار کروڑ روپے مالیتی بہبودی اسکیمات کا آغاز کیا جس میں ایک الٹرا میگا اسٹیل پلانٹ کا قیام بھی شامل ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بستر کے لوگوں کا خیال ہے کہ یہاں کی سر زمین سے حاصل ہونے والی معدنی دولت کا استعمال بستر میں ہی ہو۔ ان کی یہ خواہش آج24ہزار کروڑ کے الٹرا میگا اسٹیل پلانٹ پراجکٹ کے ذریعہ پوری ہونے جارہی ہے جس میں بستر کے خام لوہے کا یہیں استعمال کر کے اسٹیل بنانا ممکن ہوگا ۔ اب تک یہاں کے خام لوہے کا بیشتر حصہ بیرون ملک بھیجاجارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی پہلی ترجیح نوجوانوں کو روزگار فراہم کرانا ہے اور ان پراجکٹس کے ذریعہ10ہزار سے زائد مقامی نوجوانوں کے لئے روزگار کے راستے کھلنے جارہے ہیں۔50سال بعد بستر میں نئی ریلوے لائن کی شروعات ہورہی ہے۔ راؤ گھاٹ سے جگدلپور تک140کلو میٹر طویل ریلوے لائن کی تعمیر کی منظوری کے ساتھ تیسری اسکیم کنردوول سے نگرنارتک خام لوہا سلیری پائپ لائن کے ذریعہ بھیجنے کے لئے4ہزار کروڑ کے منصوبہ کو بھی آج ہی حتمی شکل دی جارہی ہے ۔ یہ تمام اسکیمیں محض ایک گھنٹہ کے اندر ایک ہی ضلعہ کے لئے بنائی جارہی ہیں ایسا ممکنہ طور پر ملک کی تاریخ میں پہلی بار ہورہا ہے ۔ ان پراجکٹس سے بستر کی زندگی میںتبدیلی آئے گی ۔ مودی نے کہا کہ حکومت کی ذمہ دار ہے کہ اس طرح ترقیاتی کام ہو کہ ہندوستان کے تمام حصوں میں ترقی ہو، دور افتادہ جنگلات میں بھی ترقی ہو اور غریب کی جھونپڑی تک بھی ترقی کا فائدہ پہنچے ۔ ریاست میں شروع کئے گئے لاؤلی ہڈ کالج کی بات کرتے ہوئے اس انہوں نے کہا کہ ہنر سے چوٹی تک پہنچانے کی ریاست کی یہ مہم قابل ستائش ہے۔ دیگر ریاستوں کو بھی اس کا مطالعہ کرنا چاہئے۔ اسی اسٹیج سے دنتے واڑہ میں میگا اسٹیل پلانٹ ، جگدل پور راؤ گھاٹ ریل لائن ، سلیری پائپ لائن کے کاموں کے لئے قرار داد مفاہمت پر دستخط بھی کئے گئے اور وزیر اعظم کے ہاتھوں تیندو پتا بوٹس کی105کروڑ رقم کی تقسیم بھی کی گئی ۔

وزیر اعظم مودی نے آج نکسلائٹس سے متاثرہ قبائلی علاقوں کے آدی واسی بچوں سے بات چییت کی ۔ پروگرام کے دوران پرجوش بچوں نے ان سے سوال کیا اور جن کا انہوں نے پوری سنجیدگی سے جواب دیا ۔ ایک سوال کے جواب میں نریندر مودی نے کہا کہ مجھے کئی بار ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ مجھے نہیں لگتا ہے کہ زندگی کا موازنہ کامیابی اور ناکامیوں کے آئینہ میں کیاجانا چاہئے اور اگرہم ایسا کرتے ہیں تو بے حواس ہونے لگتے ہیں۔ ہمیں اپنی ناکامیوں سے سبق ضرور دیکھنا چاہئے۔ جب ان سے دریافت کیا گیا کہ آپ18گھنٹے کام کرتے ہیں ، جب آپ تھک جاتے ہیں تو کیا کرتے ہیں ؟ اس پر انہوں نے کہا میں کبھی یہ غور نہیں کرتا کہ میں کتنے گھنٹے کام کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم اپنے لوگوں کے لئے جیتے ہیں تو تھکتے نہیں ہیں ۔ ہندوستان ے سب لوگ میرے اپنے ہیں۔ کیا مجھے ان کے لئے کام کرنے میں خوشی نہیں ہوگی ۔ بچوں کو کھیل کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پڑھائی کے ساتھ بچوں کا کھیلنا بھی ضروری ہے ۔ دن میں چار مرتبہ پسینے چھوٹنا چاہئے ۔

PM Modi urges Naxalites to end violence

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں