قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر کے عہدے سے خواجہ محمد اکرام الدین مستعفیٰ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-09

قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر کے عہدے سے خواجہ محمد اکرام الدین مستعفیٰ

نئی دہلی
ایس این بی
قومی کونسل برائے فروغ اردو زباں کے ڈائریکٹر خواجہ محمد اکرام الدین آج اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوگئے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل محترمہ سمرتی ایرانی کو بھیج دیا ہے ۔ خواجہ محمد اکرام الدین نے آج اپنی جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ انہوں نے یہ استعفیٰ اپنی ذاتی مجبوریوں اور یونیورسٹی میں بڑھتی ذمہ داری کے پیش نظر دیا ہے اور مرکزی وزیر محترمہ سمرتی ایرانی یہ گزارش کی ہے کہ آج سے میر ا استعفیٰ منظور کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ3برسوں سے اضافی ذمہ داری کے طور پر انہوں نے قومی اردو کونسل کی خدمت کی اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کوشش کی کہ حکومت ہند کے منصوبوں کو بہتر طور سے نافذ کرسکوں ۔ اس حوالے سے مجھے بہت سی کامیابیاں بھی ملیں اور کئی نئی اسکیمیں بھی شروع کیں ۔ اس پورے عرصے میں وزارت تعلیم ، حکومت ہند کا بھرپور تعاون حاصل رہا ساتھ ہی قومی اردو کونسل کے تمام افسروں اور اسٹاف نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ خواجہ اکرام نے کہا کہ کسی بھی کامیابی کا سہرا ہمیشہ اس کے سربراہ کو ملتا ہے لیکن میرے عہد میں جو بھی کام ہوئے اسکا سہرا میں اپنے وزیر تعلیم حکومت ہند کو اور اس کے بعد کونسل کے افسروں ، ذمہ داران اور اسٹاف کے سر باندھنا زیادہ مناسب سمجھتا ہوں ، ساتھ ہی میں اپنے ان تمام محبان اردو کو اس میں شامل کرتا ہوں جنہوں نے کسی بھی طرح سے کونسل کے وقار کو آگے بڑھانے میں میر ا ساتھ دیا ۔ انہوں نے اردو میڈیا کا بھی کونسل کے کاموں کی تشہیر کے لئے شکریہ ادا کیا ۔ روزنامہ راشٹریہ سہارا سے بات کرتے ہوئے خواجہ اکرام الدین نے کہا کہ انہیں3سال کے لئے ہی اس عہدہ پر مقرر کیا گیا تھا۔

NCPUL Director Khwaja Ekramuddin resigned

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں