مودی حکومت آئینی اداروں کو کمزور کر رہی ہے - سچن پائلٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-23

مودی حکومت آئینی اداروں کو کمزور کر رہی ہے - سچن پائلٹ

لکھنو
یو این آئی
کانگریس نے ملک کے آئینی اداروں کو اپنی ایک سال کی حکمرانی میں ہی کمزور بنادینے پر آج مودی سرکار کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ سینئر کانگریسی لیڈر اور سابق مرکزی وزیر سچن پائلٹ نے الزام لگایا کہ مودی سرکار کے پہلے ایک سال کی مدت میں بلا شبہ 125کروڑ شہریوں کی زبان پر ایک ہی نعرہ لگادیا ہے، کسان ورودھی، نریندر مودی " انہوں نے کہا کہ پلاننگ کمیشن کو ختم کرنا اور حکومت کے ذریعہ آئینی عہدوں کا غلط استعمال کرنا مودی سرکار کے ایک سال کا اہم کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مودی سرکار کی تمام کوششیں اس بات پر مرکوز اور اقدامات زیر غور ہیں کہ سابق حکومت کی دیگر فلاحی اسکیموں کے ساتھ منریگا کو ختم کیاجائے ، جو صرف اور صرف غریبوں کو مدد پہنچانے کے لئے شروع کی گئی تھیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم نریندر مودی جاپان سے منگولیا تک کے دوسرے میں طبلہ اور وائلن بجانے کا لطف لینے میں مصروف ہیں ، جب کہ دوسری جانب آج غیر معمولی زرعی، بحران نے فارم سیکٹر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، جس سے ہندوستان کے غذائی تحفظ پر سوالیہ نشان کھڑ اہوچکا ہے ۔ کانگریس کی راجستھان اکائی کے صد رسچن پائلٹ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ یہ مہا ماری کی آفت بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیر قیادت قومی جمہوری محاذ(این ڈی اے) حکومت کی بری حکمرانی، بد نظمی اور سوچی سمجھی بے حسی کی وجہ سے پیدا ہورہی ہے ، جو غریب عوام کی تکلیف ، غم و غصے اور فریاد سے بے بہرہ ہوچکی ہے۔ در حقیقت ، قوم کو اناج فراہم کرنے والے طبقے کو آج اپنی بقا کے بحران کا سامنا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس ملک بھر میں مودی سرکار کی حکمرانی کے ایک سال کا ناکامی پر سلسلہ وار پریس کانفرنسوں کا انعقاد کررہی ہے اور اتر پردیش میں راجدھانی لکھنو اور نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ بنارس میں یہ پریس کانفرنس منعقد کی جارہی ہے ۔

Modi govt weakening the constitutional institutions Sachin Pilot

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں