جنتا پریوار انضمام کا کوئی فیصلہ طے نہ ہو سکا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-23

جنتا پریوار انضمام کا کوئی فیصلہ طے نہ ہو سکا

نئی دہلی
یو این آئی
جنتا پریوار کی پارٹیوں کے انضمام سے متعلق ان کے رہنماؤں کی آج یہاں میٹنگ ہوئی لیکن اس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔ سماج وادی پارٹی صدر ملائم سنگھ یادو کی رہائش گاہ پر ہوئی میٹنگ میں راشٹریہ جنتادل کے سربراہ لالو پرساد یادو ، جنتادل یو کے صدر شرد یادو ، جنتادل ایس کے جنرل سکریٹری دانش علی اور سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر گوپال یادو اور اتر پردیش میں وزیر شیو پال یادو شامل تھے۔ شرد یادو نے بعد میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار آنکھ کے آپریشن کی وجہ سے میٹنگ میں نہیں آسکے جس کی وجہ سے جنتا پریوار انضمام کو حتمی شکل دینے کے لئے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا ۔ نتیش کمار کی آنکھ کی کل سرجری ہوئی تھی اور ڈاکٹروں نے انہیں24گھنٹے آرام کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ لالو پرساد یادو نے کہا کہ جنتا پریوار کے انضمام کو حتمی شکل دینے کے لئے رہنماؤں کے درمیان بات چیت چل رہی ہے ۔ بہار اسمبلی انتخابات کے مد نظر کچھ لیڈر جلد از جلد انضمام کے حق میں ہیں اور اسے حتمی شکل دینے کے لئے ملائم سنگھ یادو کا اختیار دا گیا ہے ۔ انضمام کی تمام کارروائیاں کرنے کے لئے سماج وادی پارٹی ، آر جے ڈی ، جے ڈی یو ، جنتادل ایس ، انڈین نیشنل لوک دل اور سماج وادی پارٹی کے رہنماؤں کی ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق راشٹریہ جنتادل اور جنتادل یو میں ستمبر۔ اکتوبر میں ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں نشستوں کی تقسیم کے سلسلے میں اختلافات ہیں اور دونوں ہی پارٹیاں زیادہ سیٹیں چاہتی ہیں ۔ جنتادل یو کا کہنا ہے کہ وہ بر سر اقتدار ہے اور گزشتہ انتخابات میں اس کے سب سے زیادہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے تھے جب کہ راشٹریہ جنتادل کا کہنا ہے کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے دوران120سے زائد حلقوں میں اس کے امید وار آگے تھے لہذا ان سیٹوں پر اس کی دعویداری بنتی ہے ۔

Janata Parivar merger still not final

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں