یو این آئی
مغربی بنگال کے اپنے پہلے سرکاری دورہ پر آئے وزیر اعظم نریندر مودی کا غیر متوقع طور پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور مغربی بنگال حکومت نے والہانہ انداز میں خیر مقدم اور مودی کے تمام پروگراموں میں وزیر اعظم کے ساتھ ممتا بنرجی کی شرکت نے بنگال میں قیاس آرائیاں تیز ہوگئی ہیں ۔ ایک دوسرے کی سخت تنقید کرنیو الے مودی اور ممتا بنرجی نے ایک دوسری کی تنقید سے گریز کرنے کے ساتھ ساتھ بین السطور میں ایک دوسری کی تعریف کرتے ہوئے نظر آئے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے درمیان حالیہ دنوں میں بڑھتی ہوئی قربت پر کانگریس نے ترنمول کانگریس کومتنبہ کیا ہے کہ یہ متنازع تحویل اراضی بل پر اپوزیشن کے اتحاد کو ختم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے ۔ دہلی میں کانگریس کے ترجمان رندیپ سورجو والا نے اپنے تبصرہ میں کہا کہ تمام ریاستیں مرکز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ ممتا بنرجی اور ان کی حکومت کی مرکز سے زیادہ مراعات حاصل کرنے کی کوشش پر ہم سوالیہ نشان نہیں لگانا چاہتے ہیں ۔ مگر ممتا بنرجی کومتنبہ کرنا چاہتے ہیں کہ مودی جی کی پرانی عادت رہی ہے کہ وہ استعمال کرنے کے بعد کنارہ لگا دیتے ہیں، مودی اپنے سیاسی عزائم کے لئے ترنمول کانگریس کا استعمال کرنے کے فراق میں ہے۔ لوک سبھا انتخابات اور اس کے بعد بھی ترنمول کانگریس اور بی جے پی میں لفظی جنگ کا سلسلہ جاری تھا ۔ لوک سبھا انتخابی مہم کے دوران مودی نے ممتا بنرجی کی پینٹنگ کی ایک کروڑ میں فروخت ہونے پر طنز کیا تھا اور گزشتہ ایک سال سے بی جے پی ترنمول کانگریس اور ممتا بنرجی کے خلاف شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کے نام پر مورچہ کھولے ہوئے ہیں مگر دونوں پارٹیوں کے درمیان اچانک لفظی جنگ بند ہوگئی ہے اور وزیر اعظم مودی نے اپنے دورہ کے دوران جہاں کانگریس کے گھوٹالوں پر طنز کیا وہیں شاردا چٹ فنڈ گھوٹالے کے ذکر سے بھی گریز کیا ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم مودی اپوزیشن کے اتحاد کو ختم کرنے کے لئے ممتا بنرجی کے تیں نرم رویہ اختیار کیے ہوئے ہیں کیونکہ راجیہ سبھا میں تحویل اراضی بل اور جی ایس ٹی بل پاس کرانے کے لئے ترنمول کانگریس کی حمایت کی سخت ضرورت ہے اس لئے وزیر اعظم مودی نے اپنے دورہ کے دوران ممتا بنرجی کی حکومت کی تنقید کرنے سے گریز کیا ۔ ریاست کی ا پوزیشن جماعت سی پی ایم مسلسل یہ الزام عائد کررہی ہے کہ ممتا بنرجی اور بی جے پی کے درمیان خفیہ معاہدہ ہوچکا ہے ۔ سی پی ایم کا کہنا ہے کہ دہلی میں ممتا بنرجی اور وزیرا عظم مودی کے درمیان ملاقات کے بعد ہی شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ سست روی کی شکار ہوگئی ہے ۔ممتا بنرجی نے شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ میں بچنے کے لئے مودی سے معاہدہ کیا ہے۔ سی پی ایم کے پولیٹ بیورو کے ممبر محمد سلیم نے کہا کہ ترنمول کانگریس اور بی جے پی عوام کو بے وقوف بنارہی ہے ۔ عوامی سطح پر دونوں پارٹیاں ایک دوسرے کی تنقید کرتی ہیں مگر اندرون خانہ دونوں پارٹیوں کے درمیان ساز باز ہے۔ ماضی میں بھی ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان مضبوط رشتے رہ چکے ہیں ۔ گرچہ ممتا بنرجی نے تحویل اراضی پر اپنا موقف واضح کرچکی ہیں کہ وہ کسی بھی صورت میں پارلیمنٹ میں تحویل اراضی بل کی حمایت نہیں کریں گی ۔ سیاسی تجزیہ نگاروں کا بھی ماننا ہے کہ اگر ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس تحویل اراضی بل کی حمایت کی تھی تو یہ پارٹی کے لئے خود کشی کے مترادف ہوگا کیوںکہ ترنمول کانگریس نے بایاں محاذ کے خلاف جبراً تحویل اراضی کے خلاف مورچہ کھولا ، بھوک ہڑتال کی اور اس کے بعد بایاں محاذ کی 34سالہ دور اقتدار کا خاتمہ کیا۔
Platform sharing of PM Narendra Modi, Mamata Banerjee hints at new political realignment
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں