مودی حکومت اقتدار کے پہلے سال وعدوں کی تکمیل میں ناکام - کانگریس - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-19

مودی حکومت اقتدار کے پہلے سال وعدوں کی تکمیل میں ناکام - کانگریس

نئی دہلی
آئی اے اینا یس
کانگریس نے پیر کے دن بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس حکومت نے اپنے اقتدار کے پہلے سال سوائے وعدوں اور اعلانات کے کچھ بھی نہیں کیا اور بر سر اقتدار آنے سے قبل کئے گئے متعددوعدوں کو مسلسل گھٹا رہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے کام کرنے کے طرز عمل کو کرکٹ میچوں کے3فارمیٹس ٹی۔20، ون ڈے اور ٹسٹوں سے مشابہت دیتے ہوئے کانگریس ترجمان ابھیشیک مانو سنگھوی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریند ر مودی حکومت ان تینوں محاذوں میں بالکیہ طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔ بھاری وعدے کرنے او اچھے کام کرنے کی باتیں کرنے کے موقعوں پر وہ ٹی۔20کا روپ دھار لیتی ہے ۔ اسی طرح کچھ یقینی امور کے تئیں اعلانات کرنا ہوتو وہ ون ڈے کرکٹ کے موڈ میں آجاتی ہے اور جب ان وعدوں اور اعلانات کو حقیقت کا روب دھارنا ہو تو وہ ٹسٹ میچوں کا فارمیٹ اختیار کرتے ہوئے عمل سے کوسوں دور ہوجاتے ہیں۔ گنگا کی صفائی کے مسئلہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا تھا کہ وہ بر سر اقتدار آنے کے بعد اندرون ایک سال گنگا کی صفائی کا عمل پورا کرلیں گے لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس ضمن میں کوئی بھی ٹھوس اقدام تا حال عمل میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے وعدہ کیا کہ وہ اندرون ایک سال اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنائیں گے اور اوما بھارتی نے کہا تھا کہ وہ اندرون3سال اس وعدے کی تکمیل کریں گی اور سپریم کورٹ نے گزشتہ سال ستمبر میں جاریہ کام کی رفتار کو محسوس کرتے ہوئے یہ ریمارک کیا کہ اگر گنگا صفائی کی یہی رفتار رہی تو آئندہ200سالوں میں بھی یہ کام پایہ تکمیل کو نہ پہنچے گا ، سنگھوی نے یہ بات کہی۔ نیز صحت ، روزگار ، زراعت اور دیگر محاذوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کانگریسی قائد نے مودی حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ اس حکومت نے بیشمار جھوٹے وعدے کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا۔ برآمدات میں انتہائی انحطاط اور تنزل ہے۔ اس حکومت نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ250ملین ملازمتیں پیدا کرے گی ، سنگھوی نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ اس ہمالیائی وعدہ کی تکمیل کس طرح کی جائے گی جب کہ آپ کی حکمرانی کے پہلے سال میں معمولی درجہ کی ملازمتیں بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں ۔ سنگھوی نے کہا کہ کانگریس ہی وہ واحد پارٹی ہے جو محض بلند بانگ دعوے کرنے پر ایقان نہیں رکھتی ہے بلکہ وہ کرنے پر ا پنی مرکزی توجہ صرف کرتی ہے ۔

دریں اثنا امیٹھی (اتر پردیش) سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب نریندر مودی حکومت پر انتقامی سیاست کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے راہول گاندھی نے آج ایک میگا فوڈ پ ارک کے لئے جدو جہد جاری رکھنے کا عہد کیا ، جو ان کے حلقہ میں قائم کیاجانے والا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پارک پراجکٹ کی منسوخی سے کسانوں کو دھکا پہنچا ہے۔ کانگریس کے نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ کسانوں اور مزدوروں کے مسائل سے نمٹنے کے معاملہ میں این ڈی اے حکومت کو10میں سے صفر نمبر دیں گے ۔ وہ کاشتکاروں سے ملاقات کے لئے یہاں پہنچے ۔ ان کاشتکاروں کو غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ راہول گاندھی نے اپنے لوک سبھا حلقہ کے سہ روزہ دورہ کے پہلے دن جگدیش پور میں کہا کہ اگر یہ فوڈ پارک قائم ہوجاتا تو کسانوں کی قسمت بدل جاتی ۔ اسے منسوخ کرتے ہوئے مودی حکومت نے کسانوں کو دھکا پہنچایا ہے ۔ انہوں نے اسے مجھ سے نہیں بلکہ کسانوں سے چھین لیا ہے ۔ ہم اسے واپس حاصل کرنے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے ۔ کانگریس کا گڑھ سمجھے جانے والے اس علاقہ کو مرکزی وزیر سمرتی ایرانی کے دورہ کے پیش نظر انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کی۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں سمرتی نے اسی حلقہ سے ناکام مقابلہ کیا تھا ۔ میگا فوڈ پارک پراجکٹ کی منسوخی پر جاری تنازعہ کے درمیان سمرتی ایرانی نے گزشتہ ہفتہ کہا تھا کہ جب راہول گاندھی نے پہلی مرتبہ امیٹھی میں تقریر کی تو وہ ایک تجارتی گھرانہ کے لئے بات کررہے تھے ۔ انہوں نے امیٹھی کے کسانوں کے بارے میں کوئی بات نہیں کہی تھی ۔ اگر آپ ضلعی عہدیداروں کے دستاویزات کا جائزہ لیں تو آپ سمجھ جائیں گے کہ2010تا2014کے دوران کانگریس نے(فوڈ پارک کے لئے) کوئی اراضی فراہم نہیں کی۔ گیس کے حصول کے لئے جو مدد دی جانی تھی وہ بھی طویل عرصہ تک نہیں دی گئی ۔ واضھ رہے کہ راہل گاندھی نے فوڈ پارک کے مسئلہ پر اندرون و بیرون پارلیمنٹ حکومت کو نشانہ تنقید بنایا ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے مودی کے بیرونی دوروں کی نشاندہی کرتے ہوئے مزید کہا کہ وزیر اعظم اندرون ملک کسانوں اور مزدوروں کی حالت کو نظر انداز کرتے ہوئے بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسانوں اور مزدوروں کے مسائل سے نمٹنے کے سلسلہ میں حکومت کو10میں سے صفر نمبر دیں گے۔ وزیر اعظم بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں ۔ لیکن وہ کسانوں یا مزدوروں کے گھروں کو نہیں جاتے ۔ راہول گاندھی نے امیٹھی جاتے ہوئے ضلع بارہ بنکی کے حیدر گڑھ علاقہ میں یہ پوچھے جانے پر کہ مودی حکومت کے ایک سال کی تکمیل کے موقع پر وہ کیا رد عمل ظاہر کریں گے ؟ انہوں نے کہا کہ اگر ہم کسانوں اور مزدوروں کی بات کریں تو میں اسے(مودی حکومت) کو 10میں سے صفر نمبر دوں گا ۔ جہاں تک صنعت کاروں اور کارپوریٹ گھرانوں کا سوال ہے، میں انہیں10میں سے10نمبر دوں گا۔ قبل ازیں مقامی عوام اور کسانوں نے راہل گاندھی کا گرمجوشانہ خیر مقدم کیا اور راہول نے انہیں ان کے کاز کے لئے جدو جہد کا یقین دلایا۔

Modi Govt failed to fulfil promises, Congress

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں