ہند جنوبی کوریا کے درمیان 7 معاہدوں پر دستخط - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-19

ہند جنوبی کوریا کے درمیان 7 معاہدوں پر دستخط

سیول
پی ٹی آئی
جنوبی کوریا نے آج ہندوستان کو انفراسٹرکچر ، اسمارٹ شہروں کے فروغ، ریلویز ، برقی پیداوار اور دیگر مختلف شعبوں کی ترقی کے لئے10بلین امریکی ڈالر فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ دونوں ممالک نے اپنے باہمی تعلقات کو خصوصی حکمت عملی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جو سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے مشن پر یہاں آئے ہوئے ہیں، صدر جنوبی کوریا گیون ہی کے ساتھ ملاقات کی اور وسیع تر موضوعات پر بات چیت کی ۔ دونوں قائدین نے دفاع ، تجارت و سرمایہ کاری کا احاطہ کرنے اور علاقائی تعاون و باہمی تعلقات کو معیاری اونچی سطح پر پہنچانے کا فیصلہ کیا۔ صدر پارک کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نیکہا کہ کوریا کی تیز رفتار ترقی نے ایشیائی صدی کو مضبوط تر بنانے کو ویژن پیش کیا ہے۔ ہم کوریا کو ہندوستان کی معاشی جدید جاری میں ایک اہم شراکت دار تصور کرتے ہیں ۔ مودی اپنے قومی دورہ کے آخری مرحلہ میں منگولیا سے یہاں پہنچے ہیں۔ سب سے پہلے وہ چین گئے تھے ۔ صدر پارک نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں ٹھوس پیشرفت ہوئی ہے اور دونوں ملک تجارتی ماحول کو بہتر بنانے کے پابند ہیں ۔ دونوں ممالک نے7معاہدوں پر اور یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ بات چیت کے اختتام پر جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ ہندوستان کوریا کو اپنی مشرق کی طرف دیکھو پالیسی میں لازمی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے ۔ دونوں ممالک باہمی شراکت داری اور ایشیا پیسفک علاقہ میں امن ، استحکام و سلامتی میں باہمی شراکت داری کی قدر کو تسلیم کرتے ہیں۔قبل ازیں موصولہ اطلاع کی مطابق ہندوستان اور جنوبی کوریا نے آج7معاہدوں پر دستخط کئے جن میں دوہرے محاصل سے گریز اور دونوں ملکوں کی قومی سلامتی کونسل کے مابین مشاورت کو رسمی شکل دینا شامل ہے تاکہ باہمی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے ۔ جنوبی کوریا کے صدر پارک گیون ہی کے ساتھ نریندر مودی کی بات چیت کے بعد ان معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ ہندوستان اور جنوبی کوریا کے درمیان دوہرے محاصل سے گریز کا سمجھوتہ پہلے سے موجود ہے ۔ جس پر1985میں دستخط کئے گئے تھے، تاہم دونوں ملکوں میں ٹیکس دہندوں پر دوہرے ٹیکس کے بوجھ سے گریز کرنے کے لئے اس پر نظر ثانی کی گئی ہے ۔ دونوں ملکوں نے آڈیو ویژول کی مشترکہ تیاری میں تعاون کرنے سے بھی اتفاق کیا ۔ اس ضمن میں ایک معاہدہ پر ہند۔ جنوبی کوریا جامع معاشی شراکت داری مفاہمت(سی ای پی اے) کے تحت دستخط کئے جارہے ہیں ۔ اس معاہدہ سے فلموں، انیمیشن اور براڈ کاسٹنگ پروگراموں کی مشترکہ تیاری کی راہ ہموار ہوگی۔ یہ معاہدہ ہندوستانی اور کوریائی فلمی صنعتوں کے مابین اشتراک کے مواقع فراہم کرے گا ۔ دونوں ملکوں نے ہندوستان کی نیشنل سیکوریٹی کونسل سکریٹریٹ اور جنوبی کوریا کی آفس آف دی نیشنل سیکوریٹی کی قیام کے لئے بھی معاہدہ کیا ہے ۔ وزارت برقی اور جنوبی کوریا کی وزارت تجارت، صنعت و توانائی کے مابین برقی کی تیاری اور نئی توانائی صنعتوں کے قیام کے شعبہ میں ایک یادداشت مفاہمت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں ۔ اس معاہدہ کے تحت قابل تجدید توانائی ، اسمارٹ گرڈ، پاور انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی، برقی توانائی کی تقسیم و ترسیل، توانائی کی بچت اور ذخیرہ اندوزی کے نظام کا احاطہ کیا گیا ہے ۔ دونوں ملکوں نے نوجوانوں کے امور میں تعاون کو فروغ دینے اور تبادلوں ، بین الاقوامی کانفرنسوں ، سمیناروں ، یوتھ کیمپس اور تہواروں کے ذریعہ حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی گھر واپسی کے خواہاں:مودی
یو این آئی کے بموجب وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دور حکومت کے پہلے سال کو نقطہ انقلاب قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ مایوسی کا ماحول توقعات سے پر ماحول سے تبدیل ہوچکا ہے اور کئی ہندوستانی جنہوں نے مایوسی کی وجہ سے وطن چھوڑ دیا تھا اب گھر واپسی کے بارے میں سوچ رہے ہیں ۔ جنوبی کوریا میں مقیم ہندوستانیوں سے ینگ ہی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ان کے حکومت سنبھالنے کے ایک سال کے اندر ہندوستان دنیا کی سب سے تیز رفتار معیشت بن گیا ہے ۔ نہ صرف ساری دنیا ایک بدلے ہوئے لہجہ میں ہندوستان کے بارے میں بات کررہی ہے، بلکہ انسان کے تئیں دنیا کا نقطہ نظر بھی تبدیل ہوچکا ہے اس موقع پر ہجوم مودی مودی کے نعرے لگا رہا تھا ۔ مودی نے اپنے مخصوص انداز میں کہا ایک وقت ہوا کرتا تھا جب لوگ ہندوستان میں پیدا ہونے پر اپنے آپ کو کوستے تھے ۔ مایوسی کے عالم میں وہ یہ کہتے تھے کہ آخر حکومت کہاں ہے ، بہتر ہے کہ ہم یہ ملک چھوڑ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں کوئی سیاسی تبصرہ کرنا نہیں چاہتا ۔ مایوسی اور بے دلی زمینی حقیقت تھی ، آج میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ جو ہندوستانی اچھا کمارہے ہیں وہ بھی ملک واپس ہونا چاہتے ہیں ۔

India, South Korea Sign 7 Agreements to Boost Cooperation

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں