انڈین اسلامک کلچرل سنٹر نئی دہلی میں فلسطین پر خصوصی اجلاس - مشیر صدر فلسطین کا خطاب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-05-14

انڈین اسلامک کلچرل سنٹر نئی دہلی میں فلسطین پر خصوصی اجلاس - مشیر صدر فلسطین کا خطاب

نئی دہلی
آئی اے این ایس
صدر فلسطین محمود عباس کے خصوصی مشیر محمود الحبش نے فلسطینیوں کی سیاسی و اخلاقی حمایت اور مادی مدد پر ہندستان کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ فریقین نے اپنے تعلقات کو حکمت عملی پر مبنی بنانے حال ہی میں ایک مکانزم وضع کیا ہے۔ یوم نکبہ کے67برسکی تکمیل کے موقع پر کل رات یہاں انڈین اسلامک کلچرل سنٹر میں منعقدہ میٹنگ میں الحبش نے کہا کہ ہم آزاد ریاست فلسطین کی تائید کرنے اور فلسطینیوں کے کاز کو تمام بین الاقوامی فورم میں شدو مد کے ساتھ اٹھانے پر ہندوستان کے شکر گزار ہیں ۔ اس اجلاس میں سابق وزیر کے رحمن خان، سی پی آئی ایم کے ڈپٹی لیڈر محمد سلیم اور کئی ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ مصر، اردن، الجیریا ، مراقش کے سفرا اور سعودی عرب، کویت ، کیوبا اور دیگر کئی ممالک کے سفارت کاروں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی، جس کا اہتمام انڈیا، عرب فرینڈ شپ سوسائٹی نے کیا تھا۔ حبش نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو اپنے وعدوں کی تکمیل کرنی چاہئے اور ریاست فلسطین کے قیام کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے چاہئیں ، تاکہ مشرق وسطیٰ پر امن علاقہ بن جائے ۔ صدر فلسطین کے مشیر نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان نے اقوام متحدہ کا غیر رکن بننے میں بھی فلسطین کی مدد کی ہے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مستقل نشست کے لئے ہندوستان کی دعویدار ی کی بھی تائید کی ۔ الحبش جنہون نے محمود عباس کی کابینہ میں بحیثیت وزیر خدمات انجام دی ہیں ، ہندوستانی وزارت خارجہ کے عہدہ داروں سے بھی ملاقات کی اور اس علاقہ کی موجودہ صورتحال پر ان کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔ ہند۔ فلسطین کے مابین دفترخارجہ کی مشاورت کا پہلا راؤنڈ4مئی کو ہوا تھا ۔ وزارت خارجہ میں جوائنٹ سکریٹری کے عہدہ پر فائز سندیپ کمار نے ہندوستانی وفد کی قیادت کی تھی اور بات چیت میں باہمی تعلقات کا مکمل طور پر احاطہ کیا گیا تھا۔ الحبش مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ملاقات کررہے ہیں جس کے بعد وہ حیدرآباد روانہ ہوں گے اور سرکاری عہدہ داروں ، ویاسی قائدین سے ملاقات کریں گے ۔

Meeting on Palestine in India Islamic Cultural Centre, New Delhi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں